پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے میں ناکام رہا۔لارڈ نذیر۔۔مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے ہی نکل سکتا ہے، ممبر برطانوی ہاؤس آف لارڈ کا سیمینار سے خطاب

بدھ 29 اگست 2007 13:20

باغ (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29 اگست 2007) برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے تاحیات ممبر لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف نے اپنے اقتدار کو دوام بخشنے کیلئے مسئلہ کشمیر پر مختلف آپشنز دے کر تحریک آزادی کشمیر کو کمزور کر دیا ہے اور مسئلہ کشمیر کو الجھا کر رکھ دیا ہے۔ پاکستان کشمیریوں کا کیس لڑنے میں ناکام رہا اور نہ ہی سفارتی سطح پر کوئی بڑا کردار ادا کیا گیا۔

بھارت اپنے مؤقف پر ڈٹا رہا اور ہم اپنا مؤقف بار بار بولتے رہے۔ کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ اقوام متحدہ کی قرارداد میں ہیں جن پر عمل کرنے سے ہمیں حق خودارادیت مل سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ میں مقصود فاؤنڈیشن کے زیراہتمام این جی اوز کے کردار پر منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار کی صدارت ایم ڈبلیو ایف کے چیئرمین شیخ مقصود احمد نے کی جبکہ سیمینار سے ایم ڈبلیو ایف کے صدر طارق محمود خان چغتائی، صدر پریس کلب باغ سید افراز گردیزی ، سابق محکمہ برقیات سردار میر اکبر خان، سردار افتخار لطیف ڈاکٹر عتیق ناصر، حبیب الرحمن اور دیگر نے خطاب کیا۔

لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ عوام کو بھی چاہئے کہ وہ ایسے لوگوں کو بے نقاب کریں جو امداد کے نام پر لوٹ مار کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ جو این جی او کرپشن کرتی ہے اس کی نشاندہی کی جائے۔ ایسے لوگوں کا راستہ ہم روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باغ کو برطانیہ کے شہر کے ساتھ جڑواں شہر قرار دلوانے کے لئے جلد اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیرنو میں ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

صحت اور ایجوکیشن پر خصوصی اور معذوروں کی امداد کے لئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں کشمیر کو این جی اوز کے لئے فنڈ ریزنگ کرتا ہوں اور ان کی سرپرستی بھی کرتا ہوںً اس لئے میں نے الگ اپنا کوئی ادارہ نہیں بنایا۔ یہ سارے ادارے میرے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ساڑھے تین لاکھ ڈالرز جمع کر کے متاثرہ علاقوں کے لئے دیئے۔ 50 ہزار ڈالر تو ایکشن ایڈ کو دیئے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود ایسی این جی اوز کے خلاف ہوں جو امدادی رقوم لیتے ہیں اور کام نہیں کرتے۔ مقصود فاؤنڈیشن کے کام اور کردار کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے باغ کے عوام کے لئے بڑا کام کیا۔ ایم ڈبلیو ایف کی سرپرستی جاری رکھوں گا اور باغ کی تعمیرنو میں کردار ادا کروں گا۔