مقبوضہ کشمیر،مجاہدین کے گرنیڈ حملے میں 3 بھارتی فوجی جہنم واصل ،ظالمانہ کارروائیوں میں2بے گناہ شہری شہید ،3 لاپتہ، فوجی اہلکاروں کی جانب سے گھروں میں تلاشی کے بہانے لوٹ مارکرنے پر مقامی لوگوں کا زبردست احتجاجی مظاہرہ

اتوار 16 مارچ 2008 14:51

سری نگر(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین16 مارچ 2008 ) مقبوضہ کشمیرمیں مجاہدین کے گرنیڈ حملے میں تین بھارتی فوجی جہنم واصل ،ظالمانہ کارروائیوں میں مزید دو بے گناہ شہری شہید ،تین لاپتہ ،ادھر قاضی گنڈ میں فوجی اہلکاروں کی جانب سے گھروں کی تلاشی کے بہانے لوٹ مارکرنے پر مقامی لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع راجوری میں قابض فوج کی 62ویں آرآربٹالین کی گشتی پارٹی پرمجاہدین نے گرنیڈ حملہ کیاجس کے نتیجے میں تین اہلکار ہلاک اوردو زخمی ہوگئے ۔

حملے کے بعد فوجی اہلکاروں نے جوابی کارروائی بھی کی ۔ تاہم مجاہدین فائرنگ کرتے ہوئے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے ۔کولگام میں قابض فوج کی 55ویں آرآربٹالین نے مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع پرپولیس ٹاسک فورس کے ساتھ مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا۔

(جاری ہے)

اس دوران ایک پناہ گاہ میں موجودمجاہدین نے فوجی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی جس کے بعد باقاعدہ جھڑپ کاآغاز ہوگیا ۔

تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں قابض فوج نے دو مجاہدین کوشہید کردیا ۔تاہم شہید کیے جانے والے مجاہدین کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ راجوری میں کنٹرول لائن پرکام کرنے والے تین مزدور 25سالہ عبدالعزیز ، 48 سالہ محمد یوسف اور24سالہ محمد عزیز لاپتہ ہوگئے ۔ لواحقین کے مطابق مذکورہ افراد گزشتہ روز کنٹرول لائن پرمزدوری کے سلسلے میں گئے تھے جہاں وہ کھدائی کاکام کررہے تھے لیکن دودن گزرنے کے باوجود ان کاکوئی پتہ نہیں چل سکا۔

ادھر قاضی گنڈ میں گزشتہ روزفوجی اہلکاروں کی جانب سے گھرگھر تلاشی کے دوران لوٹ مار کرنے کے خلاف مقامی لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔مشتعل مظاہرین نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کی اورواقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کامطالبہ کیا۔مظاہرین کاکہنا تھا کہ فوجی اہلکاروں نے تلاشی کے بہانے انہیں اپنے گھروں سے باہر نکال دیا اور اس دوران انہوں نے ان کے گھروں سے نقدی اور زیورات چرا لئے ۔ دوسری جانب مقبوضہ وادی میں ٹریفک کے دومختلف حادثات میں پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔