سرینگر ، فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ ، ایک مجاہد شہید ، دو فوجی اہلکار جہنم واصل اور چار اہلکار زخمی ، ایک فوجی اہلکار نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی

پیر 6 اپریل 2009 13:46

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔06اپریل 2009 ء) ضلع کپوارہ میں فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں ایک مجاہد شہید ، دو فوجی اہلکار جہنم واصل اور چار اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ ایک فوجی اہلکار نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ۔ فوجی ترجمان کے مطابق جھڑپوں کادائرہ گزشتہ روز اس وقت وسیع ہوگیاجب لولاب علاقے میں فوج اور مجاہدین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک مجاہد اور 2فوجی اہلکار جہنم واصل اور4اہلکارزخمی ہوگئے ۔

اس دوران لولاب کے ہی کلی گام علاقے میں ایک فوجی کیمپ کے اندر پیٹرول ڈیپو میں آگ لگ گئی۔ فوج کے دعویٰ کے مطابق میدان پورہ لولاب کے جنگل میں فوج نے مجاہدین کی نقل و حرکت دیکھ کر علاقے کو جونہی محاصرے میں لیا تو وہاں موجود مجاہدین نے فوج پر زبردست فائرنگ کی۔

(جاری ہے)

جسکے بعد9پیرا ،28آر آر اور18آر آر نے پورے جنگل کا محاصرہ کیا اور مجاہدین کیخلاف آپریشن شروع کیا ۔

جسکے دوران مجاہدین نے زبردست فائرنگ کرکے فوجی محاصرہ توڑنے کی کوشش کی جسکے بعد دونوں طرف سے زبردست گولہ باری شروع ہوئی جس میں ابتدائی رپورٹوں کے مطابق ایک مجاہد اور 2 فوجی اہلکار ہلاک اور4اہلکارزخمی ہوگئے۔ ہلاک ہوئے 2 فوجی اہلکاروں کی شناخت 9پیرا کے نائک ویپا ٹھیکرے اور نائک کرن جیت کے بطور ہوئی ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ تصادم آرائی کے دوران مارے گئے فوجی اہلکاروں کی لاشیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سرینگر لائی گئیں ہیں۔

اسی دوران کلی گام لولاب میں قائم 18آر آر کیمپ کے اندر موجود پیٹرول ڈیپو میں آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے دریں اثناء کوکرناگ میں قائم فورسز کے کیمپ میں اْس وقت سنسنی پھیل گئی جب کیمپ میں تعینات ایک باورچی نے اپنے ساتھی کی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر موت کی آغوش میں چلاگیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی کشمیر کے کوکرناگ قصبے میں قائم 36آر آر کیمپ میں اْس وقت گولیوں کی آواز سنائی دی جب میں کیمپ میں تعینات باورچی کالوپکار نے اچانک اپنے ساتھی سے سروس رائفل چھین لی اور خود پر گولیوں کے کئی راونڈچلائے۔ جس کے نتیجے میں مذکورہ باورچی خون میں لت پت ہوکر وہیں پر گر گیا اگر چہ اسے فوری طور اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس رجسٹر کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔