وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قتل کا مقدمہ درج کرائیں، ممتاز بھٹو کا خط

منگل 7 اپریل 2009 15:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل ۔2009ء) سندھ نیشل فرنٹ کے سربراہ سردارممتاز علی بھٹونے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیاہے کہ ذوالفقارعلی بھٹوکیس کے تیس سال پرانے کیس کی بجائے وہ15ماہ قبل شہید بینظیر بھٹو قتل کیس کی ایف آئی آر درج کرائیں۔ کراچی سے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے نام جاری اپنے کھلے خط میں سردار ممتاز علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کے بانی اورملک کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کیس کی ازسرنوعدالتی تحقیقات پر مبنی موقف کولائق تحسین قراردیاہے،لیکن کہا ہے کہ وزیراعظم گیلانی محترمہ بینظیربھٹوکے صرف15ماہ قبل ہونے والے قتل پر کیوں خاموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا ہی اچھا ہوتاکہ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی تیس سال پرانے کیس کی بجائے15ماہ قبل شہید بینظیر بھٹو قتل کیس کا مقدمہ درج کرانے کے پولیس اسٹیشن جاتے اوربذات خودایف آئی آر درج کراتے ۔

(جاری ہے)

سردارممتاز علی بھٹو نے اپنے خط میں تجویز دی ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس کاانکوائری کمیشن چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری یا ان کے مقرر کردہ نمائندے کی سربراہی میں تشکیل دیاجائے جوذوالفقار علی بھٹو کے قتل کی تحقیقات اور محرکات کے علاوہ موجودہ حکومت میں موجودعناصر کے اس وقت کا کرداراور ضیالحق سے روابط کا جائزہ لے۔

سردار ممتاز علی بھٹو نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ انکوائری کمیشن یہ تعین بھی کرے کہ کیا موجودہ پیپلز پارٹی کو بھٹو کا نام استعمال کرنے کا حق حاصل ہے یا نہیں؟