28اپریل کو مظفرآباد میں معاہدہ کراچی کے خلاف اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان کو ملا کر ایک نمائندہ، انقلابی جمہوری حکومت کے قیام کے حق میں لبریشن فرنٹ بڑا جلسہ اور احتجاجی دھرنا منعقد کیا جائیگا ، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی کا اجلاس سے خطاب

پیر 25 مارچ 2013 14:15

کوٹلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 25مارچ 2013ء) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا ہے کہ 28اپریل کو مظفرآباد میں معاہدہ کراچی کے خلاف اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان کو ملا کر ایک نمائندہ، انقلابی جمہوری حکومت کے قیام کے حق میں لبریشن فرنٹ بڑا جلسہ اور احتجاجی دھرنا منعقد کیا جائیگا ‘کوٹلی میں لبریشن فرنٹ کے راہنماؤں اور کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ 28اپریل ریاست جموں کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے جس دن ایک بڑی سازش کے تحت پاکستانی زیرِ انتظام کشمیر کے ایک بڑے حصے گلگت بلتستان کو براہِ راست پاکستان نے اپنے کنٹرول میں کر لیا اور پھرایک طرف تو اس خطے پر لمبے عرصے تک کالے قوانین نافذ کر کے عوام کو اُن کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا اور دوسری طرف آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو عملاً ایک دوسرے سے بالکل الگ کر کے گلگت بلتستان کو ریاست سے کاٹنے کی سازش تیار کی گئی جس پر کسی نہ کسی شکل میں آج بھی عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

لبریشن فرنٹ کے صدر نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی، عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری تناظر میں عالمی فورمز پر پیش کرنے کیلئے ریاست کے ان دونوں خطوں کی مشترکہ انقلابی حکومت کا قیام بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت دونوں خطوں کی مشترکہ حکومت کے قیام کیلئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کرے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت میں رابطے جاری ہیں اور اس سلسلے میں مشترکہ مقاصد کی تکمیل کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔ڈاکٹر توقیر نے کہا کہ مظفرآباد کے جلسے اور دھرنے میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی تمام قوم پرست و دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دیجائے گی اوراس سلسلے میں ایک مشترکہ قرادادبھی لانے کی کوشش کی جائیگی۔ ڈاکٹر توقیر نے لبریشن فرنٹ کے ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ اس جلسے اور دھرنے کی کامیابی کیلئے اپنی کوششیں تیز کریں۔