مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر پر تشویش ہے ‘اس دیرینہ مسئلے سے جنوبی ایشیاء میں ایک بڑی جنگ کے بادل منڈلارہے ہیں ‘پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فوری سنجیدہ اقدامات اٹھائیں‘مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء میں امن واستحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ‘ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے، برطانیہ کی لیبر پارٹی کے سربراہ اور ہاؤس آف کامنز میں قائد حزب اختلاف ایڈملی بینڈ کی کشمیری رہنما عبدالمجید ترمبو کی سربراہی میں ملنے والے کشمیری رہنماؤں کے وفد سے بات چیت، لیبر پارٹی کے مسئلہ کشمیر کے حل میں دلچسپی لینے کا خیر مقدم کرتے ہیں‘ لیبر پارٹی کا یہ اقدام کشمیریوں کیلئے سفارتی سطح پر ایک بہت بڑی کامیابی ہے‘ عبدالمجید ترمبو

جمعرات 28 مارچ 2013 15:00

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 28مارچ 2013ء) برطانیہ کی لیبر پارٹی کے سربراہ اور ہاؤس آف کامنز میں قائد حزب اختلاف ایڈملی بینڈ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دیرینہ مسئلے سے جنوبی ایشیاء میں ایک بڑی جنگ کے بادل منڈلارہے ہیں ‘پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فوری سنجیدہ اقدامات اٹھائیں‘مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء میں امن واستحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ‘ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔

وہ گزشتہ روز یہاں معروف کشمیری رہنما عبدالمجید ترمبو کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے کشمیری رہنماؤں کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ایڈملی بینڈ نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بارے میں فوری اور سنجیدہ اقدامات اٹھائیں اور باہمی مذاکرات کے ذریعے اس کا حل تلاش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء میں امن واستحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اس خطے میں بڑی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں ۔

ایڈملی بینڈ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور بھارت پر زور دیا کہ وہ یہ سلسلہ بند کرے۔ اس موقع پر عبدالمجید ترمبو نے لیبر پارٹی کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل میں گہری دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیبر پارٹی کا یہ اقدام کشمیریوں کے لئے سفارتی سطح پر ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لیبر پارٹی1995 ء میں کشمیر کے بارے میں جو قرار داد پیش کی تھی اس کی تفصیلات حاصل کی جائینگی اور امید ہے کہ لیبر پارٹی جنوبی ایشیاء کے حالات بہتر بنانے کے لئے اپنا کردار خوش اسلوبی سے نبھائے گی ۔