وزیراعظم کے من گھڑت الزامات لگا کر ریاست میں افراتفری پھیلائی جارہی ہے‘مرزا ریاض جرال، پاکستان پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے اسے غداری کرنے والوں کے لئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں‘ضلعی صدر پیپلزپارٹی لیبر وبیورو

منگل 5 نومبر 2013 14:42

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5نومبر 2013ء) پاکستان پیپلزپارٹی لیبرو بیورو ضلع میرپور کا اجلاس زیر صدارت ضلعی صدر مرزا ریاض جرال مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہمان خصوصی چیئرمین پیپلزلیبر بیورو ذکاء اللہ جوشی تھے۔ اجلاس میں تمام ضلعی باڈیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سٹی باڈی، پیپلز مکینیکل یونین، پیپلز رکشا یونین، پیپلز پینٹ ایسوسی ایشن پیپلزریڑھی یونین،پیپلزویلڈر یونین وغیرہ نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا۔ تلاوت کی سعادت بلال ریاض نے حاصل کی۔ اجلاس میں مرزا ریاض جرال ضلعی صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید کے خلاف من گھڑت جھوٹے الزامات لگا کر ریاست میں افراتفری پھیلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ریاست کی پر امن عوام کا سکون تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم پر الزامات لگانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں اپنا محاسبہ کریں تو انہیں خود شرمندگی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ ناکام سیاست کرنے والے اب دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے اسے غداری کرنے والوں کے لئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔ الزامات لگانے والے سب سے پہلے اپنا قد کاٹھ تو ناپ لیں وہ وزیراعظم کے خلاف اوچھی حرکت کر کے اپنا قد اونچا نہیں کرسکتے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر ہوائی اعلانات نہیں بلکہ عملی کام کرتے ہیں اور ریاست کی تقدیر بدلنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنہیں تعمیر وترقی کے کام نظر نہیںآ تے وہ اپنی آنکھوں کاعلاج کروالیں ۔ریاض جرال نے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر تعمیر وترقی کے ہیرو ہیں انہوں نے ریاستی عوام کو تین میڈیکل کالجز ،کیڈٹ کالج ،آئی ٹی یونیورسٹی اور میرپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی منظور ی حاصل کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔

وزیراعظم کے تعمیر وترقی کے کام مخالفین کو ہضم نہیں ہورہے ۔انہوں نے کہاکہ فرزند وزیراعظم قاسم مجید ریاست کے نوجوانوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں ۔قاسم مجید مخلص اور نیک سیرت اورغریب پرور انسان ہیں۔قاسم مجید عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں اور کارکنان کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔وزیراعظم اور ان کے فرزند کا کرپشن کے ساتھ دور دور کا بھی تعلق نہیں مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائیں۔

ضلعی صدر نے کہاکہ پیپلزلیبر بیورو آزاد کشمیر کے چیئرمین ذکاء اللہ جوشی پر مکمل اعتماد ہے اور ذکاء اللہ جوشی کی پارٹی کیلئے بے پناہ قربانیاں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر ذکاء اللہ جوشی کو حکومت میں ایڈجسٹ کریں تاکہ کارکنان میں پائی جانیوالی احساس محرومی کا ازالہ ہو سکے ۔اجلاس میں چیئرمین ذکاء اللہ جوشی نے اپنے خطاب میں کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے جرات مندی کا ثبوت دیا اور پارٹی کو متحد رکھنے میں بھرپور کردارادا کیا۔ چیئرمین لیبربیورو نے کہاکہ آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی متحد ومنظم ہے اور اس میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ یہ سب ایک مخصوص غدار ٹولہ ہے جن کی پارٹی کے اندر کوئی حیثیت نہیں خودغرض لوگ جو وزارت عظمیٰ کی کرسی کے چکر میں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ لارڈ نذیر احمد بھی اس سازش کا حصہ تھا جو اپنے انجام کو پہنچ گیا ۔

انہوں نے کہاکہ لیبربیورو کا ایک ایک کارکن وزیراعظم کے اشارے پر کٹ مرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے ضلعی صدر ریاض جرال کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے لیبربیورو کا اجلاس بلانے اور کارکنان کو منظم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مرزا ریاض نڈر اور بے باک کارکن ہیں ان کی پارٹی کے لئے لازوال خدمات ہیں اور مرزا ریاض ایک بڑے کردار کے مالک ہیں۔ اس موقع پر تمام ضلعی باڈی کے صدور نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیااور ضلعی صدرمرزا ریاض اور چیئرمین ذکاء اللہ جوشی کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کایقین دلایااور اپنے لیڈروں کو اس مشکل وقت میں مبارکباد پیش کی۔