سندھ کابینہ میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، حکومت کراچی سمیت صوبہ بھر میں قیام امن کے لئے مربوط اقدامات کررہی ہے،حکومت سندھ کراچی میں یلو لائن بس چلائے گی، افطار ڈنر میں گفتگو ،ن لیگ کے ساتھ ہمارے اصولی اختلافات ہیں، غیر آئینی اقدامات کے خلاف آواز بلند اور پی آئی اے کی نجکاری کسی صورت میں نہیں ہونے دیں گے، رضا ربانی، نواز حکومت اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے آصف علی زرداری سے مشورے لے، آغا سراج درانی ،پیپلز پارٹی شوہر ہے اور ایم کیو ایم بیوی ، اگر ملک میں مڈٹرم انتخابات ہوئے تو پیپلز پارٹی اس حوالے سے تیار ہے، منظور حسین وسان ، اختلافات میں جمہوریت کا حسن ہے، پیپلز پارٹی کیساتھ تعلقات بہتر ہیں، منظور وسان کی باتیں خواب سے زیادہ کچھ نہیں ہیں، وسیم اختر

جمعہ 18 جولائی 2014 21:28

سندھ کابینہ میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی میں اسپیکر آغا سراج درانی کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ افطار ڈنر میں سندھ کابینہ کے ارکان، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے صوبائی وزراء، ارکان سندھ اسمبلی، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور عمائدین شہر نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وفاق نے کراچی میں گرین لائن بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت سندھ کراچی میں یلو لائن بس چلائے گی۔ ہمارا مقصد کراچی کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی سمیت صوبہ بھر میں قیام امن کے لئے مربوط اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل رضا ربانی نے کہا کہ نواز لیگ کے ساتھ ہمارے اصولی اختلافات ہیں۔ حکومت کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف آواز بلند کریں گے اور پی آئی اے کی نجکاری کسی صورت میں نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ نواز حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ وہ سابق صدر آصف علی زرداری سے مشورے لے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر جیل خانہ جات منظور حسین وسان نے کہا کہ اگر ملک میں مڈٹرم انتخابات ہوئے تو پیپلز پارٹی اس حوالے سے تیار ہے۔ پی پی پی اور ایم کیو ایم کے تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں تعلقات شوہر بیوی جیسے ہیں۔ پیپلز پارٹی شوہر ہے اور ایم کیو ایم بیوی ہے۔ تعلقات میں اونچ نیچ چلتی رہتی ہے۔ تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگست میں موسم گرم ہوگا۔

سرد ہوائیں بھی چلیں گی۔ 14 اگست مشکل دن ہوگا۔ سونامی ملک کے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکتا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر نے کہا کہ اختلافات میں جمہوریت کا حسن ہے۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ تعلقات بہتر ہیں۔ منظور وسان کی باتیں خواب سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔