بیرسٹر سلطان محمود چودھری سے سردار سکندر کی ملاقات، آزاد کشمیر کے سیاسی حالات ،مقبوضہ کشمیر میں سیلاب سے ہونیوالی تباہی پر تبادلہ خیال

منگل 23 ستمبر 2014 16:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے انکی رہائشگاہ پر آزاد کشمیر کے سابق صدر و وزیر اعظم سردار سکندر حیات خان کی ڈیڑھ گھنٹہ تک ون ٹو ون تفصیلی ملاقات۔اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے آزاد کشمیر کے سیاسی حالات اور مقبوضہ کشمیر میں سیلاب سے ہونے والی ہونے والی تباہ کاریوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سردار سکندر حیات خان کو کشمیر ملین مارچ لندن میں شرکت کی دعوت دی جو انھوں نے قبول کرلی۔ بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے سردار سکندر حیات خان کو بتایا کہ دنیا کی توجہ اب مسئلہ کشمیر پر مبذول ہو چکی ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اب کوششیں عالمی سطح پر تیز تر کی جانی چاہیں۔

(جاری ہے)

کیونکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام تو اڑسٹھ سال سے قربانیاں دے رہے ہیں اب ہمیں بھی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے کوششیں کرنی چاہیں۔

سردار سکندر حیات خان نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ آزاد کشمیر کے قومی وقار اور تشخص کو آگے بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں ہم پر فرض ہے کہ ہم اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کریں۔اس موقع پردونوں سابق وزرائے اعظم نے مقبوضہ کشمیر میں سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے پر زور دیا کہ جہاں ہم کشمیر ملین مارچ لندن میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں وہیں ایسی بین الاقوامی این جی اوز کوجو مقبوضہ کشمیر میں امداد پہنچا سکیں سے مدد کی درخواست کی جائے۔

دونوں رہنماؤں ے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے سیلاب متاثرین کی تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر امداد کی جائے اور اسی طرح کشمیر ملین مارچ لندن میں بھی سب متحد ہو کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں۔