کشمیر ملین مارچ لندن میں برطانیہ میں مقیم تمام مرد و خواتین کشمیری و پاکستانی بھرپور انداز میں شریک ہوں ،بیرسٹر سلطان چوہدری

طویل عرصہ بعد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کا موقع ملا ، فائدہ اٹھا کر انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم ،مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب مبذول کرائی جائے،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

اتوار 5 اکتوبر 2014 15:23

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 5اکتوبر 2014ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 26 اکتوبر کو کشمیر ملین مارچ لندن میں برطانیہ میں مقیم تمام مرد و خواتین کشمیری و پاکستانی بھرپور انداز میں شریک ہوں تاکہ ایک طویل عرصہ کے بعد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کا جو موقع ملا ہے اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں بریڈ فورڈ میں پیپلز پارٹی کے رہنماء چوہدری مالک کی رہائشگاہ پر پارٹی رہنماؤں سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اجلاس میں چوہدری مالک،سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری حمید پوٹھی، سابق مشیرچوہدری شعبان ،راجہ محمد ادریس،راجہ آفتاب شریف،چوہدری ذوالفقار،چوہدری اسحاق،چوہدری سردار علی،چوہدری محمد عارف،ماجد نذیر،چوہدری امجد علی،ملک رحمت علی،حاجی محبوب حسین،صوفی محمد امین،چوہدری شبیر،چوہدری جاوید بھڑک،ڈاکٹرظفراقبال،چوہدری محمد فاضل،چوہدری ساجد،چوہدری محمد اقبال،اعجاز فضل،حسن طاہر اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ لندن ملین مارچ مسئلہ کشمیر کے حل میں ایک ٹرننگ پوائنٹ ہو گا اور اس سے جہاں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی وہاں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم پر بھارت کا اصل چہرہ بھی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گا۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیر اپنے حق خود اردیت کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔

دریں اثناء برطانیہ میں عید الاضحی کے اجتماعات کے موقع پر برمنگھم سمیت برطانیہ کی بیشتر مساجدمیں کشمیر ملین مارچ کی کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں کرائی گئیں اوراس میں شرکت کے لئے لوگوں کو ترغیب دی گئی۔اس موقع پر کشمیر کی آزادی اور مقبوضہ و آزاد کشمیر میں سیلا ب زدگان اور کشمیرملین مارچ لندن کی کامیابی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں کی گئیں۔اس موقع پر ملین مارچ میں شرکت کے لئے برطانیہ میں خاصہ جوش و خروش پایا جاتا ہے۔اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر سوشل میڈیا پر ایک فلم بھی ریلیز کی گئی ہے اسی طرح اس فلم کا ایک حصہ میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی طرف سے کشمیر ملین مارچ لندن میں شرکت کی اپیل بھی شامل ہے۔