مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات کی خرابی کی سب سے بڑی وجہ ہے ‘ محمد حسین سرگالہ

پیر 20 اکتوبر 2014 16:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات کی خرابی کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔بھارت اشتعال انگیزیوں سے باز رہے اور پر امن شہریوں پر گولہ باری کا سلسلہ بند کرے۔ عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے وزیرامور منگلا ڈیم محمد حسین سرگالہ نے وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدآمد سے ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری آ سکتی ہے ۔مسلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی کی سب سے بڑی وجہ ہے ‘ مسلہ کشمیر کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تین جنگیں بھی ہوچکی ہیں اور ایک لاکھ کشمیری لقمہ اجل بن گئے ۔ انہوں نے سیالکوٹ کے مقام پر ورکنگ باوٴنڈری پر فائرنگ کے تازہ واقع کے حوالے سے کہا کہ بھارت بلااشتعال فائرنگ سے باز رہے بھارت پاکستان کی شرافت کو کمزوری نہ سمجھے افواج پاکستان کے پاس جارحیت کا جواب بھی ہے اور صلاحیت بھی ۔ بھارت عالمی قوانین کی پاسداری کرے اور 2 ارب انسانوں کو ایٹمی جنگ کی نظر کر کے عالمی امن کو تباہ کر نے کی کوشش نہ کرے ۔