بھارت مقبوضہ کشمیر میں جڑیں مضبوط کرنے کیلئے جمہوریت کے نام پر فراڈ الیکشن کا ڈرامہ رچا رہا ہے، چوہدری عبدالمجید

پیر 24 نومبر 2014 18:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے جڑیں مضبوط کرنے کے لیے جمہوریت کے نام پر فراڈ الیکشن کا ڈرامہ رچا رہا ہے ۔غیور کشمیری عوام بھارت کی ہر چال کو ناکام بنا دیں گے ۔حق خودارادیت ہی مسئلہ کشمیر کا حل ہے ۔بھارتی وزیراعظم نہروخود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ لے کرگئے اور کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کیا۔

پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ بھارتی حکومت کی انتہا پسندانہ اورپرتشدد ذہنیت کی جھلک ہے۔زلزلہ 2005میں جس طرح پاکستانی قوم نے کشمیریوں کی مدد کی اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی دوٹوک اور دلیرانہ حمایت کرکے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد میں نئی جان ڈال دی ہے۔

وہ پیر کے روز یہاں ایوان وزیراعظم میں کراچی پریس کلب کے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی،وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید،وزیر شاہرات چوہدری محمد رشید ،وزیراعظم کے مشیر راجہ مبشر اعجاز ،سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شہلا وقار،پیپلزپارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر،میڈیا کنسلٹنٹ واحد اقبال بٹ بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرا ورپاکستان کے عوام محبت ،امن اور بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں۔زلزلہ 2005میں بھی پاکستانی عوام نے بڑھ چڑھ کر کشمیریوں کی مدد کی ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کل 25نومبر کو مقبوضہ کشمیر میں فراڈ انتخابات کا ڈرامہ رچایا جارہا ہے بھارت نے ان انتخابات کو کرانے کے لیے عوام پر اعتماد کرنے کے بجائے 10لاکھ سے زائد فوجی جمع کیے ہیں ۔

حریت کانفرنس کی قیادت کو جیل میں ڈالا ہے جبکہ ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقامات پر پہنچا دیا ہے ۔اس وقت مقبوضہ کشمیرمیں ”ہو“ کا عالم ہے اور ہر طرف خاموشی ہی خاموشی ہے ۔جبکہ دوسری طرف متاثرین سیلاب سخت سرد موسم میں بے یار ومدد گار پڑئے ہوئے ہیں ۔ان متاثرین کو انتخابات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حریت کانفرنس کی کامیاب انٹی الیکشن مہم کے نتیجہ میں بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے کروڑوں روپے میڈیا پر خرچ کر کے ان انتخابات کو کامیاب کرانے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایسے انتخابات کبھی حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے اور نہ ہی ڈرامہ انتخابات سے تحریک آزادی کشمیر ”مدھم“ ہوسکتی ہے اس تحریک میں لاکھوں شہیدوں کا لہو شامل ہے ۔بھارتی تسلط سے آزادی تک کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ بھارت نے اپنے جنگی جنون کے تحت جنگ بندی لائن پر فائرنگ کو معمول بنا لیا ہے مگر بہادر پاک افواج نے اسے منہ توڑ جواب دے کر دشمن کی گنوں کو خاموش کردیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ عظیم ہے وہ بہادر سپاہی جو 20ہزار فٹ کی بلندی پر ہماری حفاظت کررہا ہے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے جی ایچ کیو میں یوم شہدا کے موقع پر تقریب سے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر یوں کے حق خودارادیت کا مسئلہ اٹھا کر کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں۔

ایک سوال پر وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک میں جمہوریت کی خاطر اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ملک کو ایٹمی پروگرام دینے ،میزائیل ٹیکنالوجی دینے سمیت آخر میں اپنی جانیں تک قربان کردیں۔پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کشمیریوں کے حق خودارادیت پر اقوام متحدہ میں تقریر کی اور اب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی جلسہ سمیت اپنے مختلف خطابات میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے دوٹوک دلیرانہ آواز بلند کی جس پرہم ان کے شکر گزار ہیں۔

ا س موقع پر وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے پریس کانفرنس میں کہاکہ زلزلہ 2005میں جس طرح پاکستانی بھائیوں نے ہماری مدد کی اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے میڈیا کے شاندار کارکردگی پر اسے خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ آزادکشمیر کی حکومت مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ آزاد خطہ کے اندر تعمیر وترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔موجودہ حکومت نے انتہائی مختصر عرصہ میں تین میڈیکل کالجز ،تین یونیورسٹیوں کے علاوہ سینکڑوں کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کو یقینی بنایا ہے۔