پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے ذوالفقار علی بھٹو کا یوم شہادت انتہائی عقیدت واحترام، نظریاتی جوش وخروش سے منانے کا اعلان

منگل 24 مارچ 2015 16:46

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر ،وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کی ہدایت پر4اپریل کو پارٹی کے بانی چیئرمین ،پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ،قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا 36واں یوم شہادت پاکستان بھر کی طرح ریاست جموں وکشمیر ،گلگت بلتستان سمیت دنیا بھر میں انتہائی عقیدت و احترام نظریاتی جو ش و خروش سے منانے کا اعلان کر دیا گیا،برسی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے وزارت خزانہ منصوبہ بندی کے کمیٹی روم میں ایک غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژنل صدر پی پی پی محمد عارف مغل ،ضلعی صدر اختر پرویز اعوان ،میڈیا ایڈوائزرشوکت جاوید ،سٹی صدر سردار مبارک حیدر،ضلعی نائب صدر محمد الیاس اعوان ،سابق ایڈمنسٹریٹر بشیر اعوان ،حلقہ تین کے صدر سید چن شاہ ،پارٹی کے بانی رہنماؤں چاچا مہر بخش ،محمد بشیر اعوان ،پی ایس ایف کے ضلعی صدر سید علی رضا ،سابق کونسلر خلیق الرحمن ،وسیم عباسی ،سید شجاعت عباس،سدھیر مغل ،راجہ پرواز ،راجہ افتخار ،راشد مغل ،راجہ صداقت ،چوہدری اشتیاق ،تیمور بیگ ،چوہدری اسلم ،ملک ندیم ،سلیمان اعوان ،قاری اشرف ،سید زمرد شاہ ،جنید چغتائی ،ماجد اعوان ،راجہ سعد اقبال ،نصیر مغل سمیت دیگر عہدیداروں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم اپریل سے 7اپریل تک "یوم شہادت" کی پروقار تقریبات کے دوران سیمینارز،مذاکروں ،تقریری مقابلوں اور مشاعروں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ پارٹی ،پی ۔

(جاری ہے)

ایس ۔ایف ،پی ۔وائی ۔او ،شعبہ خواتین ،لائرز ،لیبر،ٹریڈ،علماء مشائخ ونگز کے زیر اہتمام روزانہ کی بنیاد پر شہید قائد عوام اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو ان کی قومی عالمی خدمات پر خراج عقیدت پیش کریں گے اس روز صبح کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی سے کیا گیا جائے گا جبکہ آزادکشمیر بھر سے پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں پر مشتمل قافلے پارٹی کے صدر ،وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں گڑھی خدا بخش روانہ ہو ں گے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدر محمد عارف مغل ،ضلعی صدر اختر پرویز اعوان نے کہا کہ آزادکشمیر کے تمام،ڈویژنل ،ضلعی ،سٹی مقامات پر پر وقار تقریبات کا انعقاد کیا جائے گاپیپلزپارٹی کا قیام اور اس کا جدا گانہ منشور خلق خدا کے بنیادی حقوق ان کی دہلیز پر مساوی بنیادوں پر فراہم کرنے کی عالمی شہرت یافتہ دستاویز ہے ۔

ملک کو درپیش اندرونی بیرونی تمام سلگتے مسائل سمیت دہشت گردی ،لاقانونیت ،انتہا پسندی ،خود کش حملوں سے بے گناہ انسانی جانوں کو موت کی آغوش میں دھکیلنے سے تحفظ دینے کا واحد راستہ شہید بھٹو ازم اور شہید بے نظیر مشن ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید ،سٹی صدر مبارک حیدرنے کہا کہ 4اپریل کو وطن عزیز کے سب سے بڑے محسن کوآمر ،غدار اور قومی مجر م ضیاء الحق مرحوم نے تختہ دارپر چڑھا کر عدالتی قتل کیا وہ آج بھی شہیدوں کے نظریاتی پیروکاروں کے لیئے باعث اعزازاور ان کے حریفوں کے لیئے باعث ندامت اور شرمندگی ہے ۔

4اپریل کو ایک بار پھر پاکستان اور کشمیر کے کونے کونے سے زندہ ہے بھٹو زندہ ہے ،جب تک سورج چاند رہے گا بھٹو تیرا نام رہے گا ،کی صدائیں بلند ہوں گی جس کی گونج گرج میں استحصالی قوتیں اور ان کے حاشیہ بردار ایک بار پھر دب کر ر ہ جائیں گے انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی پروگرام دیا 1973کا متفقہ اسلامی آئین دے کر وہ اصلاحات کیں جو پوری قوم کے لیئے انمول تحفہ تھیں انہوں نے غریب ،مزدور، طلبہ ،کسان ،ہاری ،بے بس ،مظلوم ،پسے ہوئے طبقات کو جبر کے خونی پنجوں سے آزادی دلوائی اور مجبور انسانیت کو عزت ،وقارکے ساتھ زندگی بسر کرنے کی جرأت بخشی آج یہی وجہ ہے کہ 36سال بعد بھی قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سرفروش پیروکار پوری استقامت سے میدان عمل میں بر سر پیکار رہتے ہوئے سامراجی قوتوں کے عوام دشمن ایجنڈے کو ناکام کرنے کے لیئے فلک بوس عمارت کی طرح یکجاء ہیں شوکت جاوید نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک نظریاتی جمہوری تحریک کا نام ہے جس نے ہر دور کے آمر کو للکارا اور قافلہ حسین کی طرح لشکر یزید کو نشان عبرت بنا دیا،عہد حاضر میں پیپلزپارٹی کو ملک گیر سطح پر از سر نو انقلابی نظریاتی فکر و فلسفے کے مطابق منظم کرنے کے لیئے قیادت کو کڑوے گھونٹ پی کر دور اندیش فیصلے کرنا ہوں گے قائد عوام نے پھانسی کا پھندا چوم کر سر جھکانے کے بجائے سر کٹوانے کی ریت قائم کر دی،اجلاس میں پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری ،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور ،وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید ،سیکرٹری جنرل چوہدری لطیف اکبر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا جبکہ 3اپریل کو پی ایس ایف ،پی وائی او کے زیر اہتمام ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی اور 4اپریل کو مرکزی ایوان صحافت میں برسی کا بڑا اجتماع ہو گا جس کے اختتام پر شرکاء میں لنگر تقسیم کیا جائے گا اور مظفرآباد شہر کو قائدین کی تصاویروں اور جھنڈوں سے دلہن کی طرح سجایا جائے گا ۔