پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین و سابق وزیر اعظم پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو پاک چین دوستی کے بانی تھے جنہوں نے پاک چین دوستی کو لازوال رشتوں میں باندھ کر پاکستان کی معیشت اور دفاع کو مضبوط بنایا

آزادکشمیر کے وزیر ہائیر ایجوکیشن مطلوب انقلابی کا چینی صدر کے دورہ پاکستان پر اظہار خیال

منگل 21 اپریل 2015 18:37

میرپور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) آزادکشمیر کے وزیر ہائیر ایجوکیشن و پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد مطلوب انقلابی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین و سابق وزیر اعظم پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو پاک چین دوستی کے بانی تھے جھنوں نے پاک چین دوستی کو لازوال رشتوں میں باندھ کر پاکستان کی معیشت اور دفاع کو مضبوط بنایا ۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ویژن کے مطابق سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے اپنے دور میں چین کے کئی دورے کیے اور چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی چینی صدر شی جن پنگ کا موجودہ دورہ بھی سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی دعوت کا تسلسل ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کے دھرنے کے باعث کے چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان لیٹ ہوا تاہم چینی صدر شی جن پنگ کے موجودہ دورہ پاکستان سے کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ، توانائی سمیت مختلف منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے سے پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوجائے گا اور اس سے آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔

حکومت آزاد کشمیر چینی صدر شی جن پنگ کے کامیاب دورہ پاکستان پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کرتی ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ کی طرح ہمیشہ بلند رہے گئی اور پیپلز پارٹی پاک چین دستی کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گئی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر ہائیر ایجوکیشن محمد مطلوب انقلابی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاک چین دوستی کو اپنی ترجیحات میں رکھا اور خارجہ پالیسی بناتے وقت ہمیشہ پاک چین دوستی کو سامنے رکھا ۔انھوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاک چین دوستی کو حقیقی معنوں میں جن لازوال رشتوں میں باندھا اسی پالیسی کے باعث چین نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کیا انھوں نے کہا کہ چین نے مسئلہ کشمیر سمیت پاکستان کے دفاع اسلامتی اور ترقی میں بھر پور حمایت کی ہے ۔

پاک چین دوستی کے استحکام سے جنوب ایشیاء میں پائیدار امن قائم ہے ۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاک چین دوستی کو قدر کی نگاہ دیکھتی ہے ۔ انھوں نے کہا چینی صدر شی جن پنگ کے حالیہ دورہ سے جہاں پاکستان میں معاشی خوشحالی ، ترقی اور توانائی کے بحران کا خاتمہ ہو گا وہاں آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔آزادکشمیر میں ہائیڈرل منصوبوں سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ چینی کمپنیوں کی پن بجلی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری سے آزادکشمیر میں معاشی خوشحالی آئے گی ۔