‘سندھ بھر سمیت کراچی میں شدید گرمی سے پیدا ہونے والی صورتحال پرگورنر سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ،لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کی ہدایت‘

منگل 23 جون 2015 16:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جون۔2015ء) صوبے بھر سمیت کراچی میں شدید گرمی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گرمی سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے مغفرت کی دعا کی گئی۔ اجلاس میں گورنر سندھ نے کے الیکٹرک حکام کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں کئی کئی روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے وہاں فوری طور پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور گرمی کے پیش نظر بلاوجہ بجلی کی عدم فراہمی کے مسئلہ پر قابو پایا جائے تاکہ لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔

گورنر سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں پانی کی کمی کا سامنا ہے وہاں ٹینکر کے ذریعے فوری پانی فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے واٹر بورڈ کے ایم ڈی کو ہدایت کی کہ گرمی کی شدت کی وجہ سے پانی کی طلب میں اضافے کو بھی موثر حکمت عملی کے ذریعے نمٹا جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو بھی ہدایت کی کہ ایمرجنسی کے پیش نظر تمام اسپتالوں میں گیسٹرو اور ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اس ضمن میں تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں کو خصوصی ہدایت جاری کی جائے کہ وہ گیسٹرو اور ہیٹ اسٹروک کے امراض میں مبتلا مریضوں کو فوری اور ترجیحی بنیاد پر علاج معالجہ فراہم کریں۔ گورنر سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ایمرجنسی کیمپس قائم کرنے پر سندھ رینجرز کے اقدام کو سراہا۔ اجلاس میں گورنر سندھ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ہدایت کی کہ بارشوں کے پیش نظر شہر بھر میں نکاسی آب سمیت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے‘

متعلقہ عنوان :