عوام مہنگائی،بے روزگاری،کرپشن ،ظلم اور نا انصافی کے دلدل میں دھنس چکی ہے‘محمود الحسن چوہدری

حکومت اور اپوزیشن دونوں عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے غیر سنجیدہ دیکھائی دے رہے ہیں‘نائب امیر جماعت اسلامی

اتوار 28 جون 2015 13:36

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جون۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر محمود الحسن چودھری نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی،بے روزگاری،کرپشن ،ظلم اور نا انصافی کے دلدل میں دھنس چکی ہے جبکہ مظفرآباد میں اسمبلی ممبران غیر سنجیدہ ایوان کو مچھلی منڈی بنائے ہوئے ہیں حکومت اور اپوزیشن دونوں عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے غیر سنجیدہ دیکھائی دے رہے ہیں عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں تا کہ مسائل بھی حل ہوں اور ایوان کا تقدس بھی بحال ہو ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ سڑکیں کھنڈرات ،ہسپتال ڈاکٹروں اور ادویات سے خالی نظام تعلیم کا ستیاناس ہو چکا ہے حکومت برادری ازم مفادپرستی کو فروغ دے رہی ہے انسانی قدریں پامال ہو رہی ہیں ،رمضان المبارک جو قرآن کا مہینہ ہے قرآن سے تعلق اور قرآن سے راہنمائی حاصل کرنے کا درس دے رہا ہے مگر ہمارے حکمران قرآن سے دور ہوتے چلے جارہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ دو رنگی اور منافقت کو ترک کرکے اللہ کے نظام کی طرف نہیں آئیں گے تو اللہ کا عذاب مسلط رہے گا اللہ سے بے گانہ ہونے کی پاداش میں اللہ ایسے لوگوں پر بھوک اور خوف کا عذاب مسلط کر دیتے ہیں اورآج ہم اسی کیفیت سے گزررہے ہیں انہوں نے کہا کہ اچھا نظام حکومت چلانے کے لیے ضروری ہے کہ اچھی قیادت اسمبلی میں موجود ہو انہوں نے کہا کہ عوام ووٹ دیتے وقت غلط فیصلہ کرتے ہیں جس کی سزا وہ پورے 5سال بھگتے ہیں اور پھر جب ان کو موقع ملتا ہے تو علاقے برادری کی ناک مسئلہ بنا کر نا اہل لوگوں کا انتخاب کرتے ہیں اور یہ سلسلہ 67سال سے چل رہا ہے اور عوام مسائل زدہ ہیں عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ درست فیصلہ کریں تا کہ ان کے مسائل حل ہوں۔