کراچی سمیت ملک کے کسی علاقے میں گرمی کی شدید لہر کا کوئی خطرہ نہیں،محکمہ موسمیات

رواں ماہ کے دوران جنوبی پنجاب ، سندھ، سبی اور مکران ڈویژن میں درجہ حرارت 45 - 47 ڈگری سنٹی گریڈ ہو سکتا ہے،آئندہ ہفتے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اتوار 28 جون 2015 13:55

اسلام آباد /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جون۔2015ء ) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران کراچی سمیت ملک کے کسی علاقے میں گرمی کی شدید لہر کا کوئی خطرہ نہیں،رواں ماہ کے دوران جنوبی پنجاب ، بالائی سندھ، سبی اور مکران ڈویژن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 - 47 ڈگری سنٹی گریڈ ہو سکتا ہے۔آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم ہزارہ، کوہا ٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔

(جاری ہے)

تاہم فیصل آباد، ہزارہ، کوہاٹ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش پاراچنار 07 ملی میٹر جبکہ استوراور ایبٹ آباد 01 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں47 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ تربت، دالبندین، سبی 45، رحیم یار خان، شہید بینظیر آباد 44 ، نورپور تھل، روہڑی، دادو، سکھر، لاڑکانہ، موہنجوداڑو، بھکر 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔