وزیراعظم آزاد کشمیر کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکمرانوں کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت

منگل 21 جولائی 2015 16:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 جولائی۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکمرانوں کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکمرانوں کے جابرانہ ہتھکنڈے اب ریاست کے عوام کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتے۔ وزیراعظم نے کہاکہ اب مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوں میں "گو انڈیا" کے نعرے بلند ہو رہے ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کرنے کے پختہ عزم کر رکھا ہے۔ اب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکمرانوں کے تمام جابرانہ وحشیانہ ہتھکنڈے ناکام ہوں گے اور کشمیر سے بھارت کا غیر قانونی تسلط ختم ہو کر رہے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں عید کامذہبی تہوار منانے پر حریت قیادت کی نظر بندی اور بے گناہ کشمیری عوام پر کریک ڈاؤن ، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں مقبوضہ ریاست کے عوام کو جابرانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعات مہذب دنیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں وزیراعظم آزادکشمیر کے کہا کہ دنیا کے مہذب ممالک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کروائیں اوربھارتی حکمرانوں کو ریاستی دہشت گردی سے مقبوضہ ریاست کے عوا م کی تحریک کو سرد کرنے سے باز رکھیں اور ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت دلائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی عوام نے بھارتی افواج کی سنگینوں تلے مقبوضہ کشمیر بھر میں پاکستانی پرچم بلند کر کے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو مسترد کر دیا اور دنیا پر ثابت کر دیا کہ ان کے حق خودارادیت کی تحریک کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے سرد کرنے کے تمام بھارتی عزائم ناکام ہوں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی کی تحریک کامیابیوں سے ہمکنار ہو کر رہے گی۔

تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں اورجدوجہد آزادی کی تحریک کے کسی مرحلے پر بھی انہیں تنہائی کا احساس نہیں ہونے دیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر کے حریت پسندعوام کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتی۔ کشمیریوں کا لہو رنگ لا کر رہے گا اور ریاست جموں وکشمیر کے عوام بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔

دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیر نے سیز فائر لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور شہری آبادیوں پر گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے امن پسند دنیا سے اپیل کی کہ وہ بھارتی حکمرانوں کو جارحانہ ااقدامات سے باز رکھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں نے منفی عزائم اور جارحانہ اقدامات کے ذریعے برصغیر کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر رکھا ہے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ امن پسند دنیا بھارت کو برصغیر کا امن برباد کر نے سے باز رکھے۔