وزیراعظم آزاد کشمیر عوام کو میگا پراجیکٹس میں اربوں روپے کی کرپشن کاحساب دیں، ایم کیو ایم آزا د کشمیر

منگل 4 اگست 2015 16:39

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر نے بدترین مالی بحران کی ذمہ داری وزیراعظم چوہدری عبدالمجید پر ڈالتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میگاپراجیکٹس میں اربوں کی کرپشن کا عوام کو حساب دیں‘ایڈہاک ازم اور کمیشن کی خاطر تمام ریاستی اداروں کو تباہ کر کے انہوں نے ملک و قوم کی کون سے خدمت کی‘ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر طاہرکھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر مالی بحران‘ کرپشن اور عوامی مسائل حل کرنے میں ناکامی کے بعد عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے ایم کیو ایم کیخلاف جاری پروپیگنڈا مہم کا حصہ بن کر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے ‘ انہیں کرپشن اور بیڈ گورننس کا حساب دینا ہوگا ‘ طاہرکھوکھر نے کہا کہ ہم نے پچھلے چار سالوں میں ہمیشہ ہر فورم پر عوام کی آواز بلند کی۔

(جاری ہے)

عوام کے حقوق سے ہٹ کر کبھی کوئی بات نہیں کی۔ ہم نے حکومت سے بارہا مطالبہ کیا کہ وہ عوامی مفاد کے میگا پراجیکٹس کو مکمل کرے لیکن وزیراعظم نے ہمیشہ کرپٹ مافیا کو سپورٹ کیا جس سے عوامی مفاد کے پراجیکٹس صرف فائلوں تک محدود رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سالوں سے وزیراعظم چودھری عبدالمجید اور ان کی ٹیم سرکاری ملازمتیں ریوڑیوں کی طرح بانٹ رہی ہے جس کے خلاف ایم کیو ایم آزادکشمیر نے ہر فورم پر آواز بلند کی اور میرٹ کی بالا دستی اور صاف و شفاف ملازمتوں کے حصول کے بارہ میں لڑائی لڑی ۔

پبلک سروس کمیشن جیسے مقدس ادارہ کو بھی شفاف طریقے سے کام نہیں کرنے دیا جا رہا اور وہاں پر بھی جیالا نوازی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے میگا پراجیکٹس کو کمیشن خوری کے کنویں میں ڈبو کر غرق کردیا گیا ہے جہاں سے اب ان پراجیکٹس کا نکلنا مشکل ہی نظر آ رہا ہے۔ اب اپنی کرپشن، اقرباء پروری، کمیشن خوری کو چھپانے کے لیے وزیراعظم چودھری عبدالمجید ایم کیو ایم اور اس کے قائد الطاف حسین پر الٹے سیدھے بیانات داغ کر عوام کا رخ اپنی جانب سے دوسری طرف موڑنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن آج کے عوام سمجھدار اور باشعور ہیں جو اچھے برے کی تمیز کرنا جانتے ہیں۔ انہیں پتہ ہے کہ سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا ہے۔