آزادکشمیرقانون سازاسمبلی میں ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارد اد منظور ،عالمی برادری سے نوٹس لینے کامطالبہ

اقوام متحدہ کشمیری عوام کو ان کا حق دلائے، حکومت پاکستان بھارتی افواج کی اشتعال انگیزی کے معاملے کو عالمی فورم پر اٹھا ئے، ایل اوسی پر آباد لوگوں کو خصوصی پیکیج دینے کا اعلان کیاجائے، آزادکشمیرقانون سازاسمبلی میں متفقہ قراردادوں کی منظوری

پیر 24 اگست 2015 19:57

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) آزادکشمیرقانون سازاسمبلی نے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کے خلاف متفقہ مذمتی قرارد اد منظور کرتے ہوئے عالمی برادری اسے اس کا سخت نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے اور کہاہے کہ اقوام متحدہ کشمیری عوام کو ان کا حق دلائے، حکومت پاکستان بھارتی افواج کی اشتعال انگیزی کے معاملے کو عالمی فورم پر اٹھا ئے، ایل اوسی پر آباد لوگوں کو خصوصی پیکیج دینے کا اعلان کیاجائے ۔

پیر کی سہ پہر آزاد کشمیر اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار کی صدارت میں اجلاس شروع ہوا، اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدر خان، وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر، اظہر حسین گیلانی، وزیر قانون، چوہدری مطلوب انقلابی، جاوید اقبال بھانوی، مہر النساء، سردار میر اکبر خان، چوہدری محمد اسماعیل ، سردار فاروق احمد طاہر، چوہدری محمد یٰسین گلشن سمیت شاہین کوثر ڈار کی قرار داد وں کو ایوان میں پڑھ کر اتفاق رائے سے پاس کیا گیا۔

(جاری ہے)

ارکان نے ان قرار داد کو اقوام متحدہ کے عالمی اداروں پاکستان کی صوبائی اور وفاقی حکومتوں اور سینیٹ میں بھی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قرار داد سردار فاروق احمد ، چوہدری محمد یاسین گلشن، سردار میر اکبر خان، راجہ محمد فاروق حیدر خان ، چوہدری لطیف اکبر ، اظہر حسین گیلانی، شاہین کوثر ڈار، محمد مطلوبہ انقلابی، جاوید اقبال بڈھانوی و دیگر نے قرار داد پاس کی۔

قرار داد ہامیں سیز فائر لائن کے علاقوں میں بھارتی افواج کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کشمیری عوام کو آزادی کا حق دلایا جائے۔ قرار دادوں میں مطالبہ کیاگیا کہ حکومت پاکستان ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی افواج کی اشتعال انگیزی کے معاملے کو عالمی فورم پر اٹھانے کا مطالبہ کیاگیا ۔ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر کے اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ ایل اوسی پر آباد لوگوں کو خصوصی پیکیج دینے کا اعلان کرے۔ متاثرین کو معاوضہ جات اداکرے ، علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ قانون سازاسمبلی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کئے گئے حکومت پاکستان اور مسلح افواج کی جانب سے اقدامات کی حمایت کرتی ہے