پاکستان پیپلزپارٹی غریبوں ،کسانوں کی جماعت ہے ،ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے دی گئی قربانیاں پوشیدہ نہیں سردا ر عابد حسین عابد

کسی بھی علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے وہاں کی نمائندگی کا بڑا ہاتھ ہوتا ہے ،منگ کی تاریخی حیثیت ہے ،لوگوں نے تحریک آزادی کشمیر میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر کا پارٹی کارکنوں سے خطاب

ہفتہ 29 اگست 2015 19:15

راولا کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراطلاعات سردا ر عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی غریبوں اور کسانوں کی جماعت ہے ۔ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جو کسی سے پوشیدہ نہیں‘ کسی بھی علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے وہاں کی نمائندگی کا بڑا ہاتھ ہوتا ہے مجھ سمیت 12 ممبران اسمبلی ایسے ہیں جو کابینہ کے رکن ہیں جنہوں نے اپنی تربیت کا آغازPSF کے پلیٹ فارم سے کیاہے منگ کی اپنی ایک تاریخی حیثیت ہے یہاں کے لوگوں نے تحریک آزادی کشمیر میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔

وہ منگ کے مقام پر PSF اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں‘ مقامی رہنماؤ ں کی طرف سے وزیر اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے پر ان کے اعزاز میں دی گئی ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت پیپلزپارٹی کے راہنماء سردار گلنواز خالق نے کی جبکہ سردار سفیرخا ن ‘ماسٹر ظہور خان ‘وقاص قیوم ‘رئیس انقلابی ایڈووکیٹ‘ثاقب فاروق ‘حنیف تبسم ‘سردار طالب حسین ‘سردار اسلم ‘سردار شوکت‘سردارمقبول ممبرزکواۃکونسل ‘بیگم شہناز لیاقت ‘سردار افتخار ‘سردار ذاکر شاھین‘سردارمحمد عزیز خان و دیگر مقررین نے خطاب کیا اور سردار عابد حسین عابد کو وزیراطلاعات بننے پر انہیں مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف کوئی سازش ہرگز کامیاب نہیں ہو سکتی ۔یہ پارٹی کمزور‘غریب لوگوں کے حقوق کی ترجمان ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوئے عوام نے بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے اس ملک کی آزادی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ہمیں اپنے آباؤاجداد کے ادھورے مشن کے تکمیل کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہونگے ۔

جب تک شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے ویژن کے مطابق ہم لام بندی نہیں کریں گے جلد مقاصد حاصل نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپاٹی عوامی جماعت ہے جب بھی برسراقتدار آئی لوگوں کے مسائل حل ہوئے ۔صدر آزادکشمیر نے منگ میں نادرا آفس اور یونیورسٹی کیمپس دیا ہے ۔اس سے قبل منگ میں کوئی کام نہیں ہوئے یہاں مقامی ڈاکٹر کو موجود رہنا چاہئے ۔

ہسپتال میں دوائیاں نہ ہونے کے بارہ میں محکمہ صحت عامہ سے بات کروں گا ‘کالج اور گوں نالہ پل کی تعمیر کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے سب جج کی عدالت کے قیام کیلئے میں متعلقہ حکام سے بات کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیرنے منگ کے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے جو بھی اعلانات کئے ہیں ان پر عملدرآمد کیلئے کوشش کی جائے گی منگ تا پتن سڑک بجٹ میں شامل ہے یہ ضرور بنے گی ایشیائی ترقیاتی بینک نے یہ سڑک شامل کر رکھی ہے ۔

وزیراطلاعات نے عوام کو یقین دلایا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے وسائل کے اندر رہتے ہوئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وقاص قیوم PSF کے متحرک کارکن ہیں انہوں نے PSFکو منگ میں آرگنائیزکرنے کی کوشش کی ہے نوجوان ہمارے لئے رول ماڈل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی و PSF جس قدر مستحکم ہوگی لوگوں کے مسائل بھی اسی رفتار سے حل ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ہم شہیدمحترمہ بے نظیر بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت اور غریبوں ‘بے سہارا لوگوں کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے ۔اس سے قبل جب وزیر اطلاعات آزاد کشمیر منگ پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا انہیں ہا ر پہنائے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔