مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کھل کر سامنے آ گئی

جعلی مقابلے میں بیگناہ کشمیریوں کو شہید کئے جانے پر افسران سمیت 6 بھارتی فوجیوں کا کورٹ مارشل ،عمر قید کی سزا کرنل دنیش پٹھانیہ ، کیپٹن اوپیندرا ،حوالدار دیویندرکمار، لانس نائیک لکھمی، لانس نائیک ارون کماراور رائفل مین عباس حسین سزا پانے والوں میں شامل ہیں،ترجمان شمالی کمانڈ

پیر 7 ستمبر 2015 18:13

سرینگر/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کھل کر سامنے آ گئی،بے گناہ کشمیریوں کو لائن آف کنٹرول کے قریب لا کر شہید کئے جانے پر بھارتی فوج کے2 افسران سمیت 6اہلکاروں کا کورٹ مارشل کرتے ہوئے عمر قید کی سزا دے دی گئی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق جعلی انکاؤنٹر کیس میں بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ نے دو افسران سمیت چھ اہلکار وں کو عمر قید کی سزا کا فیصلہ سنا دیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق کشمیر وادی میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جس میں بے گناہ کشمیریوں کو قتل کئے جانے پر فوجی اہلکاروں کو سزا سنائی گئی ہو۔بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا ہے کہ کرنل دنیش پٹھانیہ ، کیپٹن اوپیندرا ،حوالدار دیویندرکمار، لانس نائیک لکھمی، لانس نائیک ارون کماراور رائفل مین عباس حسین سزا پانے والوں میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

2010میں بارہ مولہ کے ندیہال گاؤ ں کے شہزاد احمد ، ریاض احمد اور محمد شفیع کو بہلا پھسلا کر لائن آف کنٹرول کے قریب ماشل سیکٹرلے جا کر جعلی انکاؤنٹر میں شہید کیا گیا تھا۔ بھارتی فوج کے ان درندہ صفت اہلکاروں نے تینوں کشمیری نوجوانوں کو بہتر روزگار اور اس کے عوض اچھی رقم کا جھانسہ دیا تھا تاہم لائن آف کنٹرول کے قریب سوناپنڈی پوسٹ پر انہیں شہید کرنے کے بعد انہیں پاکستانی دہشتگرد قرار دے دیا تھا۔ یاد رہے کہ ان بے گناہ نوجوان کشمیریوں کی شہادت کے بعد وادی بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جس کے باعث 123افراد مارے گئے تھے جس پر بھارتی فوج کو معاملے کی انکوائری کرنا پڑی۔