کشمیری عوام اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں ، بھارت سرکار تحریک آزادی کشمیرمضبوط ہوتے دیکھ کر سخت پریشانی سے دوچار ہے ، ریلیف سرگرمیوں سے علیحدگی کی تحریکیں دم توڑ رہی ہیں ، بلوچستان میں پاکستان زندہ باد ریلیاں نکالی جارہی ہیں

امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعیدکی مسلم میڈیکل مشن کے زیر اہتمام طبی ٹیم کی سوات و دیگر علاقوں کو روانگی کے موقع پر گفتگو

جمعرات 17 ستمبر 2015 22:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں ، بھارت سرکار تحریک آزادی کشمیرمضبوط ہوتے دیکھ کر سخت پریشانی سے دوچار ہے ، انڈیا پاکستان سے مذاکرات اور دوستی میں مخلص نہیں‘ جماعۃالدعوۃ بلوچستان اور سند ھ میں سینکڑوں واٹر پروجیکٹ کی تعمیر مکمل کر چکی۔

ریلیف سرگرمیوں سے علیحدگی کی تحریکیں دم توڑ رہی ہیں اور بلوچستان میں پاکستان زندہ باد ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ وہ جمعرات کو مرکز القادسیہ چوبرجی سے مسلم میڈیکل مشن کے زیر اہتمام ڈاکٹر ز و پیرا میڈیکل سٹاف کی 15رکنی ٹیم کی کالام، سوات و دیگر علاقوں میں میڈیکل کیمپنگ کیلئے روانگی کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعۃالدعوۃ شعبہ ڈاکٹرز کے نگران ڈاکٹر ناصر ہمدانی و دیگر بھی موجود تھے۔

مختلف امراض کے ماہرڈاکٹرز کی ٹیم لاکھوں روپے مالیت کی ادویات کے ہمراہ روانہ ہوئی ہے جو مریضوں کے طبی معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں ادویات بھی تقسیم کرے گی۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں اپنے مذموم ایجنڈوں کی تکمیل کیلئے مسلمانوں کو باہم دست و گریباں کرنا چاہتی ہیں۔ یہ ملک لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا۔

ہمیں کوشش کرنا ہے کہ جس مقصد کیلئے یہ ملک بنایا گیا تھا اس مقصد کو پورا کیا جائے۔اس کیلئے فرقہ واریت ختم کرکے اتحادویکجہتی کاماحول پیدا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیراس وقت بہت زیادہ اہمیت اختیا رکر گیا ہے۔کشمیر کے مظلوم مسلمان پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور گلی محلوں میں پاکستانی پرچم لہرا کر وطن عزیز پاکستان سے والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

اس سے پہلے یہ حالات نہیں تھے۔انڈیا کشمیری مسلمانوں کا یہ جذبہ دیکھ کر شدید بوکھلاہٹ اور پریشانی کا شکار ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ نبی اکرم ﷺ اور صحابہ کرام رضوان اﷲ علیھم اجمعین نے سیاسی و معاشی نظام چلا کر دکھائے ہیں۔ جب تک ہم ان پر عمل پیرانہیں ہوں گے وطن عزیز پاکستان کو درپیش مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر مسلمان اپنے عقائد، اعمال و اخلاق کی اصلاح کرے اور اﷲ کی ناراضگی والے کام ترک کر کے اس کی خوشنودی کے حصول کیلئے کوششیں کی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قوم کو متحد کرکے ہی معاشرے سے فکری انتشار ختم کیاجاسکتا ہے۔ اسلام دشمن قوتیں منصوبہ بندی کے تحت مایوسیاں پھیلا رہی ہیں۔لوگوں کو وطن عزیز پاکستان کو درپیش مسائل کا کوئی حل نظر نہیں آرہا۔ ملک کو اس وقت اتحاد کی بہت زیادہ ضرور ت ہے۔کلمہ طیبہ ہی ایک ایسی بنیاد ہے جس پر مسلمان قیام پاکستان کے موقع پر متحد ہو ئے تھے اور آج بھی ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو سکتے ہیں۔