مسئلہ کشمیر ہر فورم پر اٹھائینگے ،جتنی جلدی پیشرفت ہو دونوں ممالک کیلئے بہتر ہے ، محمد نواز شریف

پاکستان اور افغانستان دہشت گردی کیخلاف مل کر جدوجہد جاری رکھیں گے ، خارجہ پالیسی میں اہم تبدیلیاں کی ہیں ،اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو

منگل 22 ستمبر 2015 23:11

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہر فورم پر اٹھائینگے اس میں جتنی جلدی پیشرفت ہو دونوں ممالک کیلئے بہتر ہے ، پاکستان اور افغانستان دہشت گردی کیخلاف مل کر جدوجہد جاری رکھیں گے ، خارجہ پالیسی میں اہم تبدیلیاں کی ہیں جس کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ کشمیر بنیادی مسئلہ ہے اور اس کا حل ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھانا چاہئے۔ مسئلے پر دونوں ممالک جتنا آگے بڑھیں گے اتنا بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنا جلدی مسئلہ کشمیر حل ہوگا اتنا جلدی ہی دونوں ممالک ترقی کی جانب بڑھیں گے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر سمیت بہت سے مسائل پر بات کرینگے، بھارت کشمیر سمیت تمام مسائل پر بات کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمسائے تبدیل نہیں ہوسکتے انہیں اپنے مسائل اچھے طریقے سے حل کرنے چاہئیں، پاکستان اور بھارت کو پڑوسیوں کی طرح رہنا چاہئے ، ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ دھرنے منفی سیاست ہیں ہمیں مثبت سیاست کرنی چاہئے۔

نئے چیف جسٹس نے بھی کہا ہے کہ دھرنے کی وجہ سے فیصلوں میں تاخیر ہوئی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے ، خطے میں بدامنی نہیں چاہتے، قیام امن کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نے دہشت گردی کیخلاف مل کر لڑنے کا عہد کیا ہے ، امن کیلئے افغانستان کیساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، خطے میں امن کیلئے پاکستان نے گرانقدر خدمات انجام دیں، ہمارا ایجنڈا خوشحالی ہے اور دانشمندی سے معاملات آگے بڑھا رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دس سال حکمرانی کرنیوالوں کو بجلی کے مسئلے پر توجہ دینی چاہئے تھی۔

ایک سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ خارجہ پالیسی میں ہم نے اہم تبدیلیاں کی ہیں جس کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید سامنے آئینگے ۔