تجویدالقرآن ٹرسٹ ایکٹ کے نفاذ سے دنیا کو پیغام گیا ریاست آزادکشمیر ،لوگ اپنے مقاصد کے حصول پر گامزن ہیں، سردار یعقوب

قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائیگا، وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ میں کشمیر پر کھل کر بات کی جس سے کشمیریوں کی ترجمانی ہوئی ہے فرقہ واریت قوم کیلئے تباہ کن ہے، اتحاد و اتفاق کا ماحول پیدا کرکے معاشرے کو نکھارنا چاہیے، صدر آزاد کشمیر

منگل 6 اکتوبر 2015 17:31

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اکتوبر۔2015ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار محمدیعقوب خان نے کہا ہے کہ تجویدالقرآن ٹرسٹ ایکٹ کے نفاذ سے مقبوضہ کشمیر ، پاکستان اور پوری دنیا کو یہ پیغام گیا ہے کہ آزادکشمیر کی ریاست اور لوگ اپنے مقاصد کے حصول پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔

وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا بات کھل کر کی ہے ، جس سے کشمیریوں کی ترجمانی ہوئی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے بھی شکر گزارہیں کہ انہوں نے ہر فورم پر کشمیریوں کی بات کی ہے ۔ مودی نے ایک سال میں بھارت کے ہندوؤں ، مسلمانوں ، عیسائیوں اور تمام طبقات کے حقوق غصب کر کے ان کو مایوس کیا ہے اور وہ اقوام متحدہ سے خطاب کی جرات نہیں کرسکا۔

(جاری ہے)

فرقہ واریت پوری قوم کے لیے تباہ کن ہے۔ اس لیے اتحاد و اتفاق کا ماحول پیدا کرکے معاشرے کو نکھارنا چاہیے۔ ان خیالات کااظہار صدر آزاد جموں و کشمیر نے دربار سہیلی سرکار پر منعقدہ تجویدالقرآن ٹرسٹ کے قراء و قاریات کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیراوقاف و مذہبی امور چوہدری محمدافسر شاہد ، سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور سید نظیر الحسن گیلانی، ناظم اموردینیہ حافظ خادم حسین او ر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں صدارتی مشیر راجہ ساجد،علماء و مشائخ کونسل کے چیئرمین حافظ طارق محمود ، ناظم اعلی اوقاف نوید مسعود شیخ،امور دینیہ اوقاف اور دیگر محکموں کے آفیسران نے شرکت کی۔ صدر آزادجموں و کشمیر نے کہا کہ ہم قرآن پڑھنے اور پڑھانے والوں کی عزت کرتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے جو ایکٹ منظور کیاگیاہے ، اس سے قراء کی بڑی عزت افزائی ہوئی ہے ۔ علماء کے پاس جو علم ہے، وہ آنے والی نسلوں تک پہنچائیں اور اس سے معاشرے کو اسلامی فلاحی معاشرہ بنانے کے لیے اپنا کردار اد کریں۔

انہوں نے کہ آزادکشمیر شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے۔ ہمارے آباؤاجدادنے جہاد کے ذریعے یہ خطہ آزادکروایا تھا۔ ہم سب مجاہد ہیں اگر بھارت نے سات لاکھ فوج نہ ہٹائی تو انشاء اﷲ آزادکشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے حصول کے لیے مر مٹے گا۔ آزادکشمیر کے وزیراقاف و مذہبی امور چوہدری محمدافسر شاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا۔

لا الہ الا اﷲ محمد رسول اﷲ کے نام پر لوگوں نے قربانیاں دیں ۔ آج ہم جو اقدامات کر رہے ہیں، یہی ان جذبات و احساسات اور نظریے کی ترجمانی ہے، جس کا خواب ہمارے آباؤاجداد نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہے۔ انشاء اﷲ وہ دن دور نہیں جب پاکستان لیڈنگ کردار ادا کرے گا۔ ہماری خوش بختی ہے کہ اﷲ نے ہمیں خیر کے لیے چناہے۔

صدر ریاست اﷲ کے ولیوں اور عاشقان رسول سے محبت کرنے والے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ کسی جماعت کے سربراہ نہ ہونے کے باوجود وزیر، وزیراعظم اور صدر منتخب ہوئے۔ سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور سید نظیر الحسن گیلانی نے کہاکہ الحاج محمدیوسف سیٹھی نے آزادکشمیر میں قرآن کی تعلیم کا کام شروع کیا اور اسے مجاہد اول سردار عبدالقیوم خانؒ نے بحیثیت صدر آزادکشمیر تجویدالقرآن ٹرسٹ قائم کرکے جاری کیا۔

ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ تجویدالقرآن ٹرسٹ ایکٹ 2014 کے ذریعے ہم نے قانون، ضابطے اور قاعدے منظورکروا لیے ہیں۔ آئندہ تجویدالقرآن ٹرسٹ کی آمدنی دیانتداری سے قرآن کی تعلیم پر خرچ ہوگی اور اس میں تقرریاں قواعد و ضوابط کے مطابق شفا ف اورمیرٹ پر ہوں گی ۔ صرف رجسٹرڈ مساجد میں مدرسے قائم کیے جائیں گے اور تمام عہدے اعزازی ہوں گے تاکہ ٹرسٹ کی آمدنی کو عیاشیوں پر نہ خرچ کیا جائے۔ تقریب میں صدر ریاست ، وزیراوقاف اور سیکرٹری اوقاف کو شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی، کشمیر کی آزادی اورملت اسلامیہ کی بھلائی کی خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔