مسئلہ کشمیر میں بھارت کے عزائم کسی سے پوشیدہ نہیں ، چند سو مجاہدین کے مقابلے میں بھارت نے 7لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں تعینات کررکھی ہے، فرزانہ یعقوب

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:54

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) آزاد کشمیر کی وزیر سماجی بہبود فرزانہ یعقوب نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں بھارت کے عزائم کسی سے پوشیدہ نہیں ، چند سو مجاہدین کے مقابلے میں بھارت نے 7لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں تعینات کررکھی ہے ،وہاں نہ مذہبی آزادی ہے نہ ہی شخصی آزادی،عید الاضحی کے موقع پر وہاں چار یوم تک انٹر نیٹ کی فراہمی معطل رکھی گئی۔

اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران وزیراعظم میاں نواز شریف نے کشمیر اور کشمیریوں کی بھرپور وکالت کی ہے۔عالمی سطح پر پاکستان ہی کشمیر کا وکیل ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایجنڈا بھی۔وہ جمعرا ت کے روز شوریٰ ہمدرد کے خصوصی اجلاس سے خطاب کررہی تھیں، آزاد کشمیر کی وزیر سماجی بہبود فرزانہ یعقوب نے کہا کہ لوگ کشمیر اور مسٔلہ کشمیر کوکبھی نہیں بھلا سکتے ہیں، اس لیے جب کبھی مسٔلہ کشمیر کے حوالے سے کہیں بھی کوئی سیمینار ہوتا ہے اس سے کشمیریوں کو تقویت حاصل ہوتی اور ان کا جذبہ آزادی میں مزید تیزی آجاتی ہے ، سوشل میڈیا پر گزشتہ دنوں کمسن شامی بچے کی تصویر نے تو عالمی برادری کی توجہ حاصل کرلی مگر بھارتی فوج کی طرف سے تین سالہ بچے کو گولی مارنے کا تذکرہ پوری دنیا میں کہیں بھی نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

فرزانہ یعقوب نے مزیدکہا کہ کشمیر کو قائداعظمؒ نے پاکستان کی شہ رگ قرار دیاتھا اور کشمیر ہی پاکستانی دریاؤں کا منبع ہے جب تک کشمیر کا مسٔلہ حل نہیں ہوگا برصغیر میں امن قائم نہیں ہوسکتااور یہاں کے عوام ترقی سے محروم رہیں گے۔