ظفر بٹ کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے پاکستان کے موقف کا خیرمقدم

کشمیری شہداء کو زبردست خراج عقیدت

جمعہ 16 اکتوبر 2015 20:03

سرینگر۔16 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اکتوبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبربٹ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے اس موقف کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیاجانا چاہیے کو خیرمقدم کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ظفر اکبربٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں واضح کیاکہ جموں وکشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھا اوربھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف غیر قانونی طورپر کشمیرپر قبضہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے حال ہی میں ڈوڈہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں غلام محمد اور ریاض احمد کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آزادی کشمیری کا پیدائشی حق ہے اور کشمیری عوام اپنے ا س بنیادی حق کے حصول کیلئے سیاسی اور سفارتی سطح پر جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

حریت رہنماء نے 2008ء اور2010ء کے انتفادہ کے دوران شہید ہونے والے بلال احمد شیخ، شفقت احمد ، عرفا ن احمد آخون، تنویر احمدشیخ، منصور احمد ،عمر سلیمان شیخ، بشیر احمد، غلام نبی میر ، مختار احمد شیخ کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ ان شہداء کے اہلخانہ آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ ادھر جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے ترجمان نے بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی کو پاکستان کے دورے کی دعوت دینے پر وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف اور ظفر بٹ کو 25اکتوبر کو منعقد ہونیوالے میلن مارچ میں شرکت کی دعوت دینے پر مارچ کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا ہے۔