نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر اور پاکستان میں بھی حریت کانفرنس کے ملین مارچ کی حمایت میں مظاہرے کئے جائیں، سید علی گیلانی

پیر 2 نومبر 2015 17:45

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 نومبر۔2015ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے خلاف آل پارٹیز حریت کانفرنس نے سرینگر میں پرامن ملین مارچ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے اور اس روز تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان میں بھی حریت کانفرنس کے ملین مارچ کی حمایت میں مظاہرے کئے جائیں ۔

اس وقت اسلامی دنیا کے تمام ممالک استعماری قوتوں کی سازشوں کا شکار ہیں اسلامی دنیا متحد ہو جائے۔ اور دنیا بھر کے تمام محکوم مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت اسلامی ممالک کا فرض ہے۔ 7نومبر کے پرامن ملین مارچ کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر بھارتی قبضے کے خلاف ہیں اور بھارت سے آزادی چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

کشمیری قوم کسی بھی قیمت پر آزادی کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہو گی۔

ہماری تحریک 68سالوں سے جاری ہے اور ہم مایوس نہیں ہیں ۔ غلام قوم جب آزادی کے لئے اٹھ کھڑی ہوتی ہے تو پھر اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ مودی کے دورہ کشمیر پر کٹھ پتلی حکومت اور بھارتی سرکا ر بھاری سرمایہ لگا رہی ہے اور فوج ، پولیس اور انتظامیہ سمیت تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ملین مارچ کی کامیابی کے لئے تمام حریت اکائیاں متحد ہیں اور کام کر رہی ہیں ۔

ان خیلات کا اظہار انہوں نے آزاکشمیر کے سب سے بڑے صحافتی ادارے مرکزی ایوان صحافت کے زیر اہتمام کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے ’’مسئلہ کشمیر اور بھارتی پراپیگنڈا اور حقائق ‘‘کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے ٹیلی فونک خطاب کے دوران کیا ۔ سیمینار کے مہمان خصوصی وزیر خزانہ منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری لطیف اکبر تھے ۔

سیمینار سے ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار،صدر مرکزی ایوان صحافت سہیل مغل،وائس چیئرمین بار کونسل امجد علی خان ،ضلعی صدر مسلم لیگ ن ڈاکٹر محمد عارف ،سینئر صحافی طارق نقاش ،شوکت جاوید ،سیکرٹری لبریشن سیل زاہد عباسی ،ڈائریکٹر اطلاعات آزاد کشمیر راجہ اظہر اقبال،ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد خان، سیکرٹری جنرل پریس کلب راجہ وسیم ، سینئر صحافی امتیاز اعوان ،ممتاز ماہر تعلیم محترمہ تنویر لطیف، اے کے این ایس کے نائب صدر ذولفقار بٹ، یونین آف جرنلسٹس کے ضلعی صدر سعید الرحمان صدیقی، ،تاجر جائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئر مین عبدرالرزاق خان، ، راحت فاروق ایڈووکیٹ، ماریہ ترانہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

بابائے حریت سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیر ایک اکائی ہے۔ اور کشمیری قوم طویل عرصہ سے آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں اور ان کے پایہ استقلال میں لغزش نہیں آئی۔ اور منزل مقصود کے حصول تک کشمیر ی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لطیف اکبر کا کہنا تھا کہ حریت کانفرنس کی اپیل پر حکومت آزاد کشمیر 7نومبر کو دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

اور حریت کانفرنس کو بیس کیمپ سے تائید و حمایت کا بھرپور پیغام دیا جائے گا۔ ہندوستان کی طرف سے تحریک آزادی کشمیر اور آزادکشمیر کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے جواب میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں متفقہ قرارداد لائیں گے اور اس قرارداد کو دنیا بھر کے فورمز پر بھیجا جائیگا اورپاکستان کی پارلیمنٹ کو بھی اس پروپیگنڈے کے خلاف قرارداد لانے کے لیے تحریک کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جنرل اسمبلی میں خطاب کے موقع پر کشمیریوں کی نمائندگی کی ہم نے ساری سیاسی قیادت کو کشمیر کے حوالے سے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور پاکستان کی قومی قیادت سے ملاقاتیں کیں صرف پاکستان تحریک انصا ف کے عمران خان نے کشمیری قیادت سے ملنے سے انکار کیا ان کے مرکزی راہنما چوہدری سرور جب برطانوی پارلیمنٹ میں تھے تو انہوں نے ہماری قرارداد پر دستخط کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا اور تو اور انہوں نے ہم سے برطانیہ میں ملنے سے بھی انکار کر دیا تھا تاہم ہماری پھر بھی یہ خواہش ہے کہ تحریک آزادی کے حوالے سے پاکستان کی ساری قیادت سے رابطے میں رہیں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ نہیں بنایا جا سکتا جب تک کہ مسلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا محکمہ اطلاعات اے جے کے ٹی وی کو اپنی ملکیت میں لے ہم بھرپور حمایت کرینگے انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات لبریشن سیل اور سنٹرل پریس کلب سمیت تمام سول سوسائیٹی ملکر تحریک آزادی کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں حکومت بھرپور مدد فراہم کریگی۔

آزادکشمیر میں پہلی بار پارلیمنٹرینز کانفرنس منعقد کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہین کوثر ڈار نے کہا کہ ہماری فوج اور بھارتی فوج میں زمین آسمان کا فرق ہے ہماری فوج کشمیری بہن کی چادر کی محافظ جبکہ بھارتی فوج اس کے تقدس کو پامال کرنے میں لگی ہوئی ہے بھارتی پروپیگنڈا بے بنیاد ہے اس کے خلاف دنیا بھر میں مہم چلائیں گے مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر راجہ عارف نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر جدید ذرائع ابلاغ کو استعمال میں لا کر تحریک آزادی کشمیر کے خلاف پروپیگنڈے کا موثر جواب دے بدقسمتی سے ہم اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہیں یہ دور میڈیا کا دور ہے جسے استعمال میں لا کر تحریک آزادی کشمیر کو تیز تر کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں اس حوالے سے قومی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ہونے کے لیے دل سے کام کرنے کی ضرورت ہے سنٹرل پریس کلب نے جو کام کیا وہ حکومتوں کے کرنے کا تھا وائس چیئرمین بار کونسل راجہ امجد علی خان نے کہا کہ آزادکشمیر کی وکلاء برادری تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ہمیشہ سے کردارادا کرتی رہی ہے آزادکشمیر میں انسانی حقوق کی محافظ آزاد عدلیہ ہے ،مسز تنویر لطیف نے کہا کہ ہمارے نصاب میں کشمیر سے متعلق باتیں شامل کرنے کے لیے حکومت کو کردار ادا کرنا چاہیے ،سیمینار میں صحافیوں ،وکلاء ،سیاسی کارکنان ،سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد نے شرکت کی ۔

سیمینار کے مقررین نے ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے بین الاقوامی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بھارتی جارحیت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوے آزادکشمیر کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے کی بھرپور مذمت کے حق میں قرارداد بھی منظور کی ۔