مقبوضہ کشمیر ٗ بھارتی وزیراعظم کی آمد پر پوری وادی فوجی چھاؤنی میں بدل دی گئی ٗحریت رہنماؤں کا مودی کی آمد پر ملین مارچ کااعلان

جمعہ 6 نومبر 2015 19:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 نومبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیراعظم کی آمد پر پوری وادی فوجی چھاؤنی میں بدل دی گئی ہے ٗحریت رہنماؤں نے مودی کی آمد پر ملین مارچ کی کال دیدی ہے ٗ بھارتی فورسز نے سید علی گیلانی ٗ میر واعظ عمر فاروق ٗ یاسین ملک ٗ شبیر شاہ سمیت ایک ہزار سے زائد حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار اور نظر بند کر دیا میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ہفتے کو مقبوضہ کشمیر پہنچیں گے اس موقع پر وادی بھر میں سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے ٗجگہ جگہ گاڑیوں کی تلاشی لینا شروع کر دی گئی مودی شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں ریلی سے خطاب کریں گے وہاں انتہائی سخت حفاظتی اقدامات کیئے گئے ہیں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی متوقع آمد کے خلاف سری نگر سمیت مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں یوم احتجاج منایا جائیگا حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کی کال پر سرینگر کی جامع مسجد سے ریلی نکالی جائیگی ادھر سید علی گیلانی نے بھی وادی میں ملین مارچ کی کال دی ہے۔

(جاری ہے)

سری نگر کی سڑکیں ، دکانیں اور کاروباری مراکز احتجاجاً بند رہیں گے ٗبھارتی قابض انتظامیہ نے مارچ کو روکنے کیلئے سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں سڑکوں اور شاہراہوں کو خاردار تاروں سے بند کر دیا اور جگہ جگہ بھارتی سیکورٹی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ ادھر احتجاج ناکام بنانے کے لیے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک،شبیر شاہ ،آسیہ اندرابی سمیت ایک ہزار سے زائد حریت رہنماوں اور کارکنوں کو گرفتار یا نظر بند کردیا گیا ۔