بھارت کی جانب سے غیر مشروط مذاکرات پرآمادگی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے‘ پاک بھارت مذاکراتی ایجنڈے میں مسئلہ کشمیرکا حل ہونا خوش آئند ہے‘ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی ہارٹ ایشیاء کانفرنس میں شرکت سے مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم ہونے میں مدد ملی ہے‘کشمیری عوام مذاکرات کے مخالف نہیں مگر یہ مذاکرات سہ فریقی ہونے چاہئیں

وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کا بیان

بدھ 9 دسمبر 2015 17:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 دسمبر۔2015ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے غیر مشروط مذاکرات پرآمادگی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔ پاک بھارت مذاکراتی ایجنڈے میں مسئلہ کشمیرکا حل ہونا خوش آئند ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی ہارٹ ایشیاء کانفرنس میں شرکت سے مذاکرات میں آنے والا ڈیڈ لاک ختم ہونے میں مدد ملی ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام مذاکرات کے مخالف نہیں مگر یہ مذاکرات سہ فریقی ہونے چاہئیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سہہ فریقی مذاکرات ہی مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو دنیا کا فلش پوائنٹ بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جو جراتمندانہ موقف اختیار کیا وہ بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کی اس پر دونوں اطراف کے کشمیری عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام نے بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کیا جا سکتا۔