کل جماعتی حریت کانفرنس اور مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ کی طر ف سے پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کا خیر مقدم

کشمیریوں کے بغیر مسئلہ کشمیر پر ہونیوالی بات چیت نا مکمل رہے گی، میر واعظ عمر فاروق پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کشمیریوں کی فتح ہے، مفتی سعید

بدھ 9 دسمبر 2015 23:00

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 دسمبر۔2015ء) کل جماعتی حریت کانفرنس اور مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے اور میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے بغیر مسئلہ کشمیر پر ہونیوالی بات چیت نا مکمل رہے گی اور مفتی سعید نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کشمیریوں کی فتح ہے۔

انسانی حقوق کے بارے میں ایک سیمینار کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بینکاک میں دونوں ملکوں کے قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں تاہم ان مذاکرات میں کشمیریوں عوام کی شمولیت کے بغیر یہ بات چیت نا مکمل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ کشمیر کے بارے میں اپنے رویے میں لچک پیدا کرے نئی دہلی کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ اس مسئلے کو پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کا سیاسی حل ضروری ہے یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور کشمیری انسانوں کی مشکلات کو سمجھا جانا چاہئے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے ایک اجتماع سے خطاب کے دوران پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہمسایہ ملکوں کے قریب آنے سے سب سے زیادہ فائدہ کشمیر کو ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ پاک بھارت وزرائے اعظم کی پیرس میں ہونیوالی ملاقات سے قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات کی راہ ہموار ہوئی اور اب سشما سوراج پاکستان پہنچی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی بحالی جموں کشمیر کے عوام کی فتح ہے جنہوں نے ہمیشہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستانہ تعلقات کی حمایت کی ہے امید ہے کہ مفاہمت کے اس نئے مرحلے سے ہم سب کیلئے اچھے نتیجے نکلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی غیر یقینی صورتحال ختم ہوئی ہے جن لوگوں نے بندوقیں اٹھا رکھی ہیں انہیں اب ترقی کی راہ میں حائل نہیں ہونا چاہئے بندوق سے کچھ نہیں ملتا صرف اسلام کا امن کا پیغام بدنام ہوتا ہے ۔