پاکستان سے مذاکرات کے علاوہ بھارت کیلئے کوئی راستہ نہیں دنیا ، محبوبہ مفتی

بھارت کو پاکستان افغانستان حتی کہ بنگلہ دیش کے ساتھ بھی مل کر کام کرنا ہو گا، انٹرویو

ہفتہ 12 دسمبر 2015 17:31

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 دسمبر۔2015ء) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ پاکستان سے مذاکرات کے علاوہ بھارت کیلئے کوئی راستہ نہیں دنیا کو اس وقت داعش اور القاعدہ جیسے دہشتگرد گروپوں کا سامنا ہے جن کیخلاف بھارت کو پاکستان افغانستان حتی کہ بنگلہ دیش کے ساتھ بھی مل کر کام کرنا ہو گا ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مجھے وزیر بننے کا کوئی شوق نہیں اس قسم کے بیانات پر توجہ نہیں دینی چاہئے ۔

بھارتی وزیراعظم مودی کے اس بیان پر کہ ہمیں کشمیر کے بارے میں کسی کی نصیحت کی ضرورت نہیں ۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ تجربے سے بہت کچھ سامنے آتا ہے جموں کشمیر دیگر ریاستوں کی طرح نہیں بھارت اور پاکستان کے تعلقات پر ہم پر براہ راست اثر ہوتا ہے جب ہم پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہیں تو اس کا کوئی اور مطلب نہیں ہوتا آپ کچھ دیر کیلئے معاملے کو ایک طرف رکھ سکتے ہیں لیکن بالآخر پاکستان سے بات کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

مودی جی کو ضرورت ہے یا نہیں لیکن ہمیں پاکستان کے ساتھ بات کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہماری ریاست براہ راست متاثر ہوتی ہے۔ اٹل بحاری واجپائی نے بھی کہاتھا کہ ہمسائیے تبدیل نہیں ہو سکتی اس لئے ہمیں خلیج پیدا کرنے کی بجائے امن کے پل بنانے ہونگے ۔ یہ بات درست ہے کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے لیکن بھارت کو بڑا ملک ہونے کے ناطے پہل کرنا ہو گی ۔