مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کامستقل رکن نہیں بن سکتا، رکن یورپی پارلیمنٹ

منگل 29 دسمبر 2015 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 دسمبر۔2015ء) یورپی پارلیمنٹ کے رکن افضل خان نے کہا ہے کہ بھارت اس وقت تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن نہیں بن سکتا جب تک وہ مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کرلیتاہے۔ اطلاعات کے مطابق محمد افضل خان نے جو یورپی یونین کی سلامتی اور دفاعی کمیٹی کے وائس چےئرمین بھی ہیں نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا دورہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت حا صل کرنے کے لیے بھارت کی کوششوں کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس وقت تک ان کوششوں سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا جب تک وہ اپنے ملک میں انسانی حقوق کے احترام کو یقینی نہیں بناتا اور کشمیر جیسے مسائل کو حل نہیں کرلیتا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے تجارت کو انسانی حقوق کے ساتھ مشروط کرلیاہے لہذا یونین بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا ایک ایسا ملک جو مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کررہا وہ کس طرح اس کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن بن سکتا ہے۔ افضل خان نے کہا اگر بھارت سب سے بڑی جمہورت ہونے کا دعویٰ کررہا ہے تو اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرنا ہوگا۔