حریت رہنما علی گیلانی نے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے وزیراعظم پاکستان کے کردار کو سراہا ہے

وزارت خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات کی رپورٹ جاری کر دی

پیر 18 اپریل 2016 14:36

اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 اپریل۔2016ء) وزارت خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس پر ممتاز کشمیر حریت رہنما سید علی گیلانی نے وزیراعظم پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔ وزارت خارجہ امور کی جانب سے پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے جائز مطالبے کی بلا کسی پس و پیش کے سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے جس کا وعدہ ان سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کیا گیا ہے۔

جموں کشمیر کے تنازعہ پر پاکستان کا اصولی موقف ان قراردادوں سے ہم آہنگ ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں یا پاکستان، اس کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں آزاد اور غیرجانبدار استصواب رائے کے ذریعے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند سالوں میں حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس تنازع کے حل کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں جن میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ٹھوس موقف اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے سال میں تین بار ہونے والے اجلاس میں پاکستان کونسل کے پلیٹ فارم سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا، یو این ایچ آر سی کے رواں سال منعقدہونے والے اجلاس میں پاکستان نے کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زوردیا، اس کے علاوہ او آئی سی میں کشمیر پر قرارداد کو ہرسال پاکستان سپانسر کرتا ہے، اس حوالے سے او آئی سی نے ایک رابطہ گروپ بھی تشکیل دے رکھا ہے، ہر سال 27اکتوبر کو یوم سیاہ منایا جاتا ہے جب کہ 5فروری کو کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا دن بھرپور انداز میں منایا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے اس روز کشمیر کونسل اور قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا، اسلام آباد میں متعین سفارتی عملے کو جموں و کشمیر تنازعہ پر باقاعدگی کے ساتھ بریفنگ اور اس مسئلہ کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا جاتا ہے۔ حکومت پاکستان نے اس ضمن میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور بین الاقوامی برادری کو مسئلہ کشمیر کے بارے میں متحرک کرنے میں کامیاب رہی۔

پاکستان کی کوششوں کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھی سراہا ہے، سید علی گیلانی نے جنرل اسمبلی کے اجلاسوں کے دوران اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو پرزور انداز میں اٹھانے سے وزیراعظم پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں یوم یکجہتی کشمیر موثر انداز میں منانے پر حکومت اور پاکستان کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔