افغانستان میں 16ممالک کی فوجیں 15سالوں میں کوئی خاص کامیابی حاصل نہ کرسکیں۔ خواجہ محمد آصف

14جون کو ضرب عضب آپریشن کے 2سال مکمل ہونگے،پاک فوج نے قیمتی قربانیاں دیکر سرحدی علاقوں کو محفوظ بنا دیا،پاکستان میں دہشت گردی کروانے والے ملا فضل اللہ کو افغانستان میں پناہ دی جارہی ہے،ملامنصور ایران سے پاکستان میں داخل ہوا تو نشانہ بنایا گیا،ایران کے چاہ بہار بندر گاہ کی تعمیر پر پاکستان کو اعتراض نہیں تاہم بھارت کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں،آف شوئر کمپنیوں کا واہ ویلہ کرنے والے کی اپنی کمپنی سب سے پرانی نکلی،پوری قوم سے اپیل ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا کرے۔وفاقی وزیر دفاع کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 28 مئی 2016 19:32

افغانستان میں 16ممالک کی فوجیں 15سالوں میں کوئی خاص کامیابی حاصل نہ کرسکیں۔ ..

سیالکوٹ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28مئی۔2016ء) :وفاقی و زیر دفاع اور پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے بین الاقوامی دباوٴ کوبالاطاق رکھتے ہوئے28مئی 1998ء میں ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو اٹیمی قوت ہونے کی شناخت عطا کی ،پاکستان کا اٹیمی طاقت ہونا ہی اس کی سیکیورٹی کی سب بڑی ضمانت ہے اور جن لوگوں نے اٹیمی صلاحیت کے حصول کیلئے کئی دہائیوں تک عرق ریزی کی وہ ملک و قوم کے محسن ہیں۔

وہ آج سیالکوٹ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لینے اور یوم تکبیر کا کیک کاٹنے کے بعد منعقد تقریب خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہاکہ پوری دنیا کی طاقتیں ہمارے دشمن بھارت کوہر قسم جارحیت کے لوزامات سے نواز ر ہی ہیں اوراگر آج ہم ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو دنیا نے ہمارا جو حال کرنا تھا وہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ14جون 2016ء کو ضرب عضب آپریشن کو 2سال مکمل ہوجائیں گے ۔

پاک فوج نے بیش قیمت قربانیاں دیکر پاکستان کے شہروں اور سرحدی علاقوں کوکافی حد تک محفوظ بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ضرب عضب کا فیصلہ بھی میاں محمد نواز شریف نے کیا تھا جس کا مقصد پاکستان کو محفوظ بنانا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی حفاظت کی داستان اپنے خون سے رقم کی ہے اس کے لئے افواج پاکستان، سویلین، پولیس اور ہماری بچوں نے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ۔

وزیر دفاع نے کہاکہ 9/11کے بعد افغانستان میں 16ممالک کی فوجیں 15سالوں میں کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کرسکیں بلکہ افغانستان ، عراق اور شام جہاں پر امریکی فوج موجود ہے وہاں پر دہشت گردی میں 20گنا تک اضافہ ہوگیا۔ امریکہ کی جانب سے صدام حسین ، بشارت الاسد اور کرنل قذافی کو ہٹانے کیلئے کی جانے والی مہم جوئی کے دوران لاکھوں افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے جبکہ لیبیا ریاست ہی نہیں رہا۔

وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ ملامنصور ساڑھے چار سو کلومیٹر ایران کا سفر کرکے پاکستان میں داخل ہوا تو اس وقت نشانہ بنایا گیا جبکہ پاکستان میں داخل ہورہا تھا جبکہ پاکستان میں دہشت گردی کروانے والے ملا فضل اللہ کو افغانستان میں پناہ دی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ امریکہ اور افغانستان کو امن نہیں چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اس وقت پاکستان کی بقا اور استحکام پر دشمنوں کی نظر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اندرونی انتشار کو پس پشت ڈال کر پہلے ملک کے سالمیت اور وجود کے دشمنوں سے نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کی بقاء اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور یہ ملک تا قیامت زندہ اور پائندہ رہے گا۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کو لاحق خطرات سے بے خبر رہنے کی خواہش سیاستدانوں کو پتہ نہیں کہاں لے جائے گی۔

وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور اس منگل کو ان کی اوپن ہارٹ سرجری کی جائے گی اور امید ہے کہ سرجری ایک ہفتہ بعد ڈاکٹرز انہیں پاکستان آنے کی اجازت دے دیں ۔ انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ میاں محمد نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا کریں ۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ ایران کی جانب سے چاہ بہار بندر گاہ کی تعمیر پر پاکستان کو کوئی اعتراض نہیں تاہم بھارت کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں وہ وہاں جاکر سرمایہ کاری کررہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ معاشی راہداری کی تعمیر کے منصوبے سے بھارت اور عالمی قوتیں پریشان نظر آتی ہیں وہ کبھی نہیں چاہے گی کہ پاکستان کو معاشی آزادی نصیب ہو۔ انہوں نے کہاکہ ایف 16کی فراہمی پر امریکی انتظامی راضی ہے لیکن کانگریس مخالفت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ کوئی ایسی صورت نکل آئے کہ پاکستان کو امریکہ معاہدے کے مطابق ایف 16 طیارے فراہم کردیگا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ حالیہ ڈرون اٹیک سے افغان امن کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میری اطلاع کے مطابق مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے تھے۔ پاکستان افغانستان میں امن کا خیرخواہ ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ جبکہ تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوگا پاکستان میں بھی پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ وفاقی وزیر نے پانامہ لیکس کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ یہ عوام کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ مسئلہ اسلام آباد اور چند لوگوں کا ہے ۔

آف شوئر کمپنیوں پر واہ ویلہ کرنے والے کی اپنی کمپنی سب سے پرانی نکلی ۔ انہوں نے کہاکہ شور مچانے اور ہمارے گلے پڑنے والوں کو دراصل عوام نے ووٹ نہیں دیا ۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام ادارے غیر موثر ہوچکے ہیں اور انہوں کہا کہ بلا تفریق احتساب کیلئے ایک ایسے ادارے کی ضرورت ہے جس کو عوام کا اعتماد حاصل ہواور وہ تمام اداروں کا بلا تفریق احتساب کرسکتا ہے اور اس کو لامحدود اختیارات حاصل ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ایمینسٹی اسکیم پر رولا ڈالنے والوں نے اپنا کالا پیسہ بھی اس اسکیم کے ذریعے سفید کیا۔ انہوں نے کہاکہ قوم و فعل میں تضادختم کرنا ہوگا اور عوام کی شعور کااحترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام کے اصل مسائل پر توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت کے سنگ میل بنا کر جائیں گے تاکہ دنیا اچھے لفظوں سے یاد کرے ۔ وفاقی وزیرخواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو سیالکوٹ میں صحافی کالونی کے قیام کا وعدہ یاد کروانگا اور وہ جلد یہاں آکر صحافی کالونی کا افتتاح اپنے ہاتھوں سے کرینگے۔

انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ کے تمام سرکاری دفاتر کی ایک جگہ پر منتقلی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کی گئی ہے جن پر اربوں روپے خرچ ہونگے اور ضلع سیالکوٹ میں سرکاری دفاتر کی جگہ پر پارک تعمیر کیا جائے گا تاکہ سیالکوٹ شہر سانس لے سکے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف صحت یاب ہونے کے فوری بعد سیالکوٹ میں آکر سیالکوٹ لاہور موٹروے کا افتتاح کرینگے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ زہرہ میموریل چوک میں انڈر پاس ،سبلائم چوک میں او ور ہیڈ برج کی تعمیر اور ویسٹرن بائی پاس کی تعمیر الیکشن سے قبل مکمل کی جائے گی۔