21جولائی کو آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا سورج طلوع ہو گا،بلے، تیر اور گھوڑے والے شیر کی دھاڑ سے سیاسی بے روزگار ہو جائیں گے، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کریگی، انتخابات میں شیر کا مقابلہ ٹوٹے ہوئے بلے اور بے توقیر تیر سے ہے، جعل سازوں اور بہروپیوں نے گزشتہ پانچ سالوں میں کشمیریوں کی کوئی خدمت نہیں کی، مسلم لیگ (ن) کامیابی کے بعد دانش سکولوں کی طرز پر آزاد کشمیر میں بہترین سکول قائم کرے گی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید اور وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی کا ڈڈیال میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار عشائیے سے خطاب

جمعہ 1 جولائی 2016 21:19

ڈڈیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید اور وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی نے کہا ہے کہ 21جولائی کو آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا سورج طلوع ہو گا،بلے، تیر اور گھوڑے والے شیر کی دھاڑ سے سیاسی بے روزگار ہو جائیں گے، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گی، انتخابات میں شیر کا مقابلہ ٹوٹے ہوئے بلے اور بے توقیر تیر سے ہے، جعل سازوں اور بہروپیوں نے گزشتہ پانچ سالوں میں کشمیریوں کی کوئی خدمت نہیں کی، مسلم لیگ (ن) کامیابی کے بعد دانش سکولوں کی طرز پر آزاد کشمیر میں بہترین سکول قائم کرے گی۔

وہ جمعہ کو آزاد کشمیر کے علاقے ڈڈیال میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں داخل ہو کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ علاقہ کتنا پسماندہ ہے، بدقسمتی سے آزاد کشمیر کی حکومت نے عوام کی خدمت پر توجہ نہ دی، وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر حکومت کو 30ارب روپے دیئے لیکن حکمران نے یہ پیسہ ترقیاتی کاموں پر خرچ کرنے کی بجائے جیبوں میں ڈال لیا، اگر ایک ایک ضلع میں سڑکوں پر پانچ ارب روپے بھی لگائے ہوتے تو آج سڑکیں سلک روڈز کی طرح ہوتیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گی، آزاد کشمیر میں تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے ترقی کریں گے، آزاد کشمیر کے لوگوں کو ترقی اور خوشحالی کے دور پر فخر محسوس ہو گا، مسلم لیگ(ن) ایک منظم سیاسی جماعت ہے،21 جولائی کا دن آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا سورج طلوع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پارٹی ٹکٹ نہیں ملے، لیکن پھر بھی وہ جماعت کے امیدواروں کی حمایت کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے منشور میں ہے کہ آزاد کشمیر میں پانچ ہیلی کاپٹر ہر وقت تیار کھڑے رہیں گے جو ایمرجنسی کی صورت میں مریض کو ہسپتال پہنچائیں گے، مسلم لیگ (ن) پانچ سالہ دور میں سالانہ 110ارب روپے سڑکوں کی تعمیر پر خرچ کرے گی، آزاد کشمیر میں سڑکیں جی ٹی روڈ اور موٹروے کی طرح بنائی جائیں گی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ عوام کی دعاؤں سے وزیراعظم تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف جلد پاکستان لوٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں ہمارا مقابلہ ٹوٹے ہوئے بلے سے ہے، یہ بلا ہمیشہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف استعمال ہوا ہے، بلے پر کنٹینر خان لکھا ہوا ہے، یہ بلا کنٹینر کی سیاست کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا تھا، آزاد کشمیر میں ہمارا دوسرا مدمقابل تیر بے توقیر ہو چکا ہے، یہ تیر کمان سے پہلے ہی نکل چکا ہے، آزاد کشمیر میں تیر کی پانچ سالہ حکومت نے عوام کو مایوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بلا گھوڑے پر سوار ہو گیا ہے، 21جولائی کو بلے، تیر اور گھوڑے والے شیر کی دھاڑ سے سیاسی بے روزگار ہو جائیں گے، پرویز رشید صاحب سے درخواست کرتا ہوں کہ 22جولائی کو گھوڑے کو کسی اصطبل میں رکھوا دیں۔ آصف کرمانی نے کہا کہ نواز شریف عوام کی خدمت اور وفاق کی مضبوطی کانام ہے، جعلی سازوں اور بہروپیوں نے کشمیریوں کی کوئی خدمت نہیں کی، آزاد کشمیر کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کا ہر امیدوار نواز شریف ہے، مسلم لیگ (ن) کی کامیابی سے آزاد کشمیر میں ترقی کا دور شروع ہو گا، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ جس طرح پاکستان اور آزاد کشمیر کے دوران کوہالہ پل ہے، اسی طرح آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان بھی پل ہو، وزیراعظم لائن آف کنٹرول کے اس پار رہنے والے کشمیریوں کے بھی لیڈر ہیں اور لائن آف کنٹرول کے اس پار بھی رہنے والوں کے بھی لیڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں ترقیاتی کاموں سے مثال قائم کی ہے، دانش سکولوں کی طرز پر آزاد کشمیر میں بہترین سکول قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو کہا ہے کہ جو سرکاری افسر سیاسی مہم میں شریک ہو، ان کی لسٹیں بنائیں، سیاست کرنے والے سرکاری ملازمین کی فہرستیں تیار کر رہے ہیں، انتخابات کے بعد کارکن مجھے یہ لسٹیں دیں، ان افسران کو نہیں چھوڑیں گے