اس وقت کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے یہ نہ پاکستان اور بھارت کا مسئلہ ہے اور نہ ہی اسلام کا مسئلہ ہے ‘یہ خالصتاً انسانی حقوق کا مسئلہ ہے ‘آزادکشمیر میں پاکستان کے سیاستدان آکر الیکشن مہم تو چلاتے اور ووٹ مانگتے رہے ‘مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق میں آواز بلند نہیں کی ‘اس وقت ضرورت ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے

معروف صحافی ،اینکر و سماجی کارکن ریحام خان کا خصوصی انٹرویو

منگل 16 اگست 2016 16:39

چکوٹھی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اگست ۔2016ء ) معروف صحافی ،اینکر و سماجی کارکن ریحام خان نے کہا ہے کہ اس وقت کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے یہ نہ پاکستان اور بھارت کا مسئلہ ہے اور نہ ہی اسلام کا مسئلہ ہے یہ خالصتاً انسانی حقوق کا مسئلہ ہے آزادکشمیر میں پاکستان کے سیاستدان آکر الیکشن مہم تو چلاتے اور ووٹ مانگتے رہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق میں آواز بلند نہیں کی اس وقت ضرورت ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے ‘پانچ ہفتوں سے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سے ستر سے زائد افراد شہید ہزاروں ذخمی اورمعصوم بچوں کی بینائی پیلٹ گنوں کے زریعہ چھین لی گئی ہے لیکن بیس کیمپ سے موثر آواز بلند نہیں ہوئی ۔

چکوٹھی میں آزادکشمیر کشمیر مارچ کے بعد خصوصی انٹر ویو کے دوران گفتگو ریحام خان کا کہنا تھا کہ میں یہاں کشمیری بچوں ،بہنوں ماؤں اور بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرنے آئی ہوں انہوں نے نام لئے بغیر عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ یہاں الیکشن مہم چلانے کیلئے اور ووٹ مانگنے کیلئے آتے ہیں جب کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرنا ہوتو تب بھی کشمیر آیا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانچ ہفتوں سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم جاری ہیں فوج نے سکولوں اور اسپتالوں پر بھی قبضہ کر رکھا ہے اور درندگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔ریحام خان نے پوچھے گئے سوال کہ ان کا جماعت اسلامی میں شمولیت کا کوئی ارادہ ہے کے جواب کو گو ل کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں صرف مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آئی ہیں اور دیگر جماعتوں کو بھی اس سلسلہ میں آگے آنا چاہئے کیوں کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات پاکستان بھارت اور اسلام کی جنگ نہیں بلکہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے ۔