وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیرمیں تعمیروترقی کا انقلاب برپاکرکے دکھائینگے،راجہ فاروق حیدرخان

گڈگورننس کے قیام، آئین وقانون کی حکمرانی، میرٹ کی بالادستی، اداروں کے استحکام اور کرپشن کوجڑھ سے اکھاڑ پھینکیں گے میرپور کے لوگوں کی پاکستان کوروشن ،سرسبز وشاداب بنانے کیلئے قربانیوں کے پیش نظر انھیں درپیش تمام مسائل کا حل میری ذمہ داری ہے،کسی کو مسائل کے نام پرسیاسی دوکانداری نہیں کرنے دوں گا، وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 16 اگست 2016 17:49

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اگست ۔2016ء) آزادکشمیرکے وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان نے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف کے ویژن کے مطابق آزادکشمیرمیں تعمیروترقی کا انقلاب برپاکرکے دکھائیں گے۔ گڈگورننس کے قیام، آئین وقانون کی حکمرانی، میرٹ کی بالادستی، اداروں کے استحکام اور کرپشن کوجڑھ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

اہل میرپور کو سلام پیش کرتاہوں جنھوں نے لیگی امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ میرپور کے لوگوں کی پاکستان کوروشن اور سرسبز وشاداب بنانے کے لیے قربانیوں کے پیش نظر انھیں درپیش تمام مسائل کا حل میری ذمہ داری ہے۔ میرپور کے باشعور اور غیور لوگوں کومسائل کی دلدل میں جھونکنے والے اپنے اپنے ادوار حکومت میں خواب خرگوش کے مزے لیتے رہے میں نے میرپورکو ڈوبتے دیکھاجب منگلاڈیم توسیع منصوبے کی تکمیل پرپانی کالیول بڑھایا جارہاتھا تو میرپورکاوزیراعظم مظفرآباد میں چھپا بیٹھا تھا جبکہ میرپور ہی کا ایک سابق وزیراعظم بیرون ملک عیاشیوں میں مصروف تھا اس وقت فاروق حیدر ہی تھا جو مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ تھا ۔

(جاری ہے)

لہذا کسی کو میرپور کے مسائل کے نام پرسیاسی دوکانداری نہیں کرنے دوں گا۔ تعلیمی بورڈ میرپور کو کوئی تقسیم یامنتقل نہیں کررہانہ ہی ایساہوگا البتہ آبادی میں اضافہ اور لوگوں کی مشکلات کے پیش نظر مظفرآباد میں الگ تعلیمی بورڈ کے قیام کی تجویز ضرور زیرغور ہے۔ میرپورکے لوگ اطمینان رکھیں فاروق حیدر سے بڑھ کرکوئی ان کے مسائل کے حل کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ۔

مسلم لیگ ن کی حکومت میرپورکے لوگوں کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے اور سوئی گیس کی فراہمی اور متاثرین منگلا ڈیم توسیع منصوبہ کے ذیلی کنبہ جات کے حوالے سے اپناہوم ورک کررہی ہے اور جب وہ میرپور کے دورہ پرآئینگے تو اہل میرپورکے مسائل کے حل کے حوالے سے انھیں خوشخبری سنائیں گے۔ اہل میرپور کی قربانیوں کے پیش نظر میرپورکوتگڑی وزارت بھی دی جائے گی۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے گذشتہ شب ایوان وزیراعظم مظفرآباد میں کشمیرپریس کلب میرپورکے نومنتخب صدر حافظ محمدمقصود کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے سینئرصحافیوں کے ایک وفد جس میں نومنتخب جنرل سیکرٹری کامران عابد بخاری،سینئرصحافی رانامحمدشبیرراجوروی اور سجاد قیوم خانپوری شامل تھے سے گفتگو کرتے ہوئے کیاوفد نے انھیں کشمیرپریس کلب میرپور کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی بھی دعوت دی جو وزیراعظم نے قبول کرلی وہ کشمیرپریس کلب میرپورکے نومنتخب عہدیداروں سے مورخہ 19 اگست بروز جمعہ دن دوبجے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں حلف لیں گے ۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے وفد کے توجہ دلانے پرنیوسٹی میرپور ے طالبات کے لیے ان کے تعلیمی اداروں تک لانے اور لیجانے والی بس سروس کی معطلی پربرہمی کااظہار کرتے ہوئے اس کی فوری بحالی کے احکامات بھی صادرکئے۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہاکہ اگرچہ ان کی حکومت کومالی دشواریوں کا سامناہے سابق حکمران خزانہ خالی چھوڑ گئے ۔18 ارب روپے کااوورڈرافٹ ہے ۔

حد یہ ہے کہ زرضمانت اور ملازمین کا جی پی فنڈ تک دیگرمدات میں منتقل کردیاگیا مگرمسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے آزاکشمیر کے عوام کودرپیش تمام مسائل حل کریگی۔ سرکاری خزانے کی پائی پائی خطے کے غریب لوگوں کے مسائل کے حل اور ان کی مشکلات کے ازالے پرخرچ کی جائے گی ۔آزادکشمیرتو آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے یہاں کے حکمرانوں کو بیس کیمپ کے حکمران کے طورپراپنارول اداکرناچاہے اور غیر ضروری اخراجات سے گریز کرناچاہیے۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے قومی خزانہ بیدردی سے لٹایا۔ اپنے سابقہ دوروزارت عظٖمی میں انھوں نے آزادکشمیرکے نئے ایوان وزیراعٖظم کی تعمیرکی سمری مسترد کردی تھی مگرصاحبزادہ سردارعتیق احمدخان جب دوبارہ وزیراعظم بنے تو انھوں نے منظوری دے دی اور بعد ازاں علامہ مجید چکسواروی کے دورمیں بھی اس پرکام جاری رہا۔

ظلم یہ ہے کہ اس پر اب تک 72 کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں اور مزید ساڑھے سترہ کروڑ روپے خرچ ہونگے تب جاکریہ مکمل ہوگا۔ سرکاری خزانے کے اس ضیاع پرمیرادل خون کے آنسوروتاہے ۔ ایساہرگز نہیں ہوناچاہیے تھا ۔ راجہ فاروق حیدرخان نے کہاکہ وہ زبانی کلامی باتیں نہیں عملی طورپرلوگوں کی خدمت پرپختہ یقین رکھتے ہیں اور آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کراکر آزادکشمیر کے لوگوں کواقتدار میں شریک کرناچاہتے ہیں تاکہ مقامی سطح پرانکے مسائل بہترطورپرحل ہوسکیں۔

انھوں نے کہاکہ آزاد کشمیر بھرکی بجلی کی ضروریات پوراکرنے کے لیے وفاقی سطح پررابطوں میں ہیں اسی طرح میرپورکوسوئی گیس کی فراہمی کے سلسلے میں تیزی سے پیش رفت جاری ہے بلکہ پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے "ارسا"میں آزادکشمیر کی نمائندگی کے لیے کوششیں کررہے ہیں جبکہ خطہ کے اندرکرپشن کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہاکہ وہ عید الضحی کے بعد پورے آزادکشمیر کادورہ کرنے والے ہیں جس کا آغاز میرپور سے ہوگا اور وہ میرپورآکر اہل میرپور کوان کے دیرینہ مسائل کے حل کے سلسلہ میں بڑی خوشخبری دینگے۔