صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ‘ گورنر خیبر پختونخواہ انجینئراقبال ظفر جھگڑا اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن سے خیرسگالی ملاقاتیں

بدھ 31 اگست 2016 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء ) صدر آزاد جمو ں و کشمیر سردار محمد مسعود خان کیر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، گورنر خیبر پختونخواہ انجینئراقبال ظفر جھگڑا اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن سے خیرسگالی ملاقاتیں۔آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی و ترقیاتی صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقاتوں میں صدر آزاد کشمیر نے ان رہنماؤں کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے عالمی دباؤ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی اجاگر کرنے کے لیے پاکستانی عوام اور سیاسی رہنماؤں کی حمایت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی ،گورنر خیبرپختونخواہ اور قائد حزب اختلاف سینٹ نے صدر آزاد کشمیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خوا ہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سردار محمد مسعود خان کی رہنمائی میں آزاد کشمیر ترقی کرے گا اور مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر بطریق احسن اجاگر ہو گا۔ صدر آزاد کشمیر نے ان رہنماؤں کا مسئلہ کشمیر سے گہری دلچسپی رکھنے اور کشمیر عوام کی بے لوث حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ صدر سردار مسعود خان نے انھیں بتایا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی سکیورٹی فورسز مظالم کا سیاہ باب رقم کر رہی ہیں۔

اب تک 80 کے قریب نواجوان جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہوئے جن میں درجنوں نوجوان بینائی سے محروم ہو گئے ہیں۔ جنہیں مقبوضہ ریاست سے باہر جا کر علاج کرانے کی سہولت بھی نہیں دی جا رہی۔ صدر آزاد کشمیر نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی طرف سے دنیا کے اہم دارالحکومتوں میں ارکان پارلیمنٹ کو بطور ایلچی بھیجنے کے فیصلے کو سراہا۔

اور کہا کہ ارکان پارلیمنٹ بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ اقبال ظفر جھگڑا چوہدری اعتزاز احسن اور سردار ایاز صادق نے صدر سردار مسعود خان کو یقین دلایا کہ وہ کشمیری قوم کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔ اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔