مقبوضہ کشمیر میں ساز ش کے تحت کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ‘لیکن مظلوم کشمیری نوجوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں بالاآخر رنگ لائیں گی ‘مقبوضہ کشمیر بہت جلد بھارتی چنگل سے آزاد ہوگا‘ بھارت خود دنیا کی بڑی جمہوریت کہلانے کا دعویدار ہے لیکن پرامن مظاہرین کے خلاف مہلک ہتھیاروں کا استعمال کونسی جمہوریت ہے

رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل گجر کی مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان کے وفود سے بات چیت

جمعرات 15 ستمبر 2016 14:53

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 ستمبر۔2016ء) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے گوجرانوالہ سے رکن اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل گجر نے مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان کے وفود سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ساز ش کے تحت کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے لیکن مظلوم کشمیری نوجوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں بالاآخر رنگ لائیں گی اور مقبوضہ کشمیر بہت جلد بھارتی چنگل سے آزاد ہوگا۔

بھارت خود دنیا کی بڑی جمہوریت کہلانے کا دعویدار ہے لیکن پرامن مظاہرین کے خلاف مہلک ہتھیاروں کا استعمال کونسی جمہوریت ہے ۔ بھارت دعویٰ کرتا ہے کہ اس کے پاس دنیا کی بہادر اور منظم فوج ہے لیکن حقیقت میں بھارتی مسلح فوجی اتنے بزدل ہیں کہ وہ فورا بھاگ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد اسماعیل گجر ایم ایل اے نے مزید کہا ہیکہ مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہو سکتے ۔

عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دلائے تاکہ اقوام متحدہ کی کشمیر قرار دادوں پر عملد رآمد کے پائیدار عالمی امن کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے ۔ مسلم لیگ ن کے راہنماء محمد اسماعیل گجر ایم ایل اے نے کہا ہیکہ وزیر اعظم نواز شریف کشمیریوں پر بھارتی اندوہناک مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کر رہے ہیں۔ آزادی کے بیس کیمپ میں قائم مسلم لیگ ن کی حکومت کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام مسلح افواج پاکستان کے نشانہ بشانہ وطن کے چپہ چپہ کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہے ۔ پاکستان ناقابل تسخیر ہے اور ہم ملک دشمنوں کی ہر سازش کو ملکر ناکام بنائیں گے ۔