امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کا وزیراعظم پاکستان کے دورہ مظفر آباد کا خیر مقدم

جمعہ 16 ستمبر 2016 16:47

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 ستمبر۔2016ء) وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے جماعت اسلامی کے امیر وممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی کو اسمبلی میں پہنچنے پر مبارک باد پیش کی اورنیک خیالات اور تمناؤں کا اظہار کیاکشمیرکی آزادی اور بیس کیمپ میں اصلاح احوال کے لیے نیک شگون ہے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی وممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اوران کے دورہ مظفرآباد کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ اس طرح کی مشاورت کا عمل جاری رہنا چاہیے اس سے تحریک آزادی کشمیرکوتقویت ملے گی ۔

دریں اثناء صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر مودی نے مظالم کی اتنہاکردی ہے کشمیری عوام اور قائدین کو عید کی نماز تک ادا کرنے کی اجازت نہیں دی ،جس سے بھارت کی جمہوریت اور نام نہاد سیکولر ازم کا چہرے بے نقاب ہوا ہے،تحریک آزادی کی موجودہ لہر کو کچلنے لیے بھارت کی آٹھ لاکھ قابض افواج بدترین مظالم ڈھارہی ہے اور پیلٹ گنوں سے سینکڑوں نوجوانوں کو بینائی سے محروم کیا گیاہے اور ہزاروں افراد زخمی ہیں اور ہزاروں کو گرفتار کیا چکاہے،آزادی کی تحریک کو ہرقیمت پر کچلنے کی بھارتی حکمت عملی ناکام ہوچکی ہے،کشمیریوں نے آزادی یا موت کا نعرہ لگاکر مودی کے اوسان خطا کردیے ہیں،ان حالات میں میاں نوازشریف کا دورہ مظفرآباد اہمیت کا حامل ہے اس سے مقبوضہ کشمیرمیں حوصلے کا پیغام جائے گا اور جنرل اسمبلی میں جانے سے قبل کشمیریوں سے مشاورت اچھا اقدام ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جوا ب میں عبدالرشید ترابی نے کہاکہ کشمیرکی آزادی اور نظام کی اصلاح کے لیے جماعت اسلامی اپنا بھرکردار ادا کرنے کی کوشش کرے گی،صدر ریاست سردار مسعود خان اور وزیر اعظم آزاد حکومت راجہ فاروق حیدر کے اقدامات سے جماعت اسلامی کو اطمینان ہے۔