شبیر شاہ کا طارق قرہ کے استعفیٰ کا خیر مقدم

بھارت نواز سیاستدان مکمل طور پر تحریک آزادی میں شامل ہو ں،آسیہ اندرابی

جمعہ 16 ستمبر 2016 16:47

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 ستمبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند جنرل سیکرٹری شبیر احمد شاہ نے بھارت نواز جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن طارق حمید قرہ کے استعفے ٰکا خیر مقدم کرتے ہوئے دیگر تمام بھارت نواز سیاست دانوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھی مستعفی ٰ ہو کر تحریک آزادی میں شامل ہوں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وہ عمر عبداللہ سمیت تمام بھارت نواز سیاست دانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلئے آزادی پسندوں کی صفوں میں شامل ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نواز سیاست دانوں کو بے گناہ شہریوں کے قتل کے خلاف اپنی بھر پور آواز بلند کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے طارق احمدقرہ کے استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ استعفی ٰ کافی نہیں ہے لہذا اگر بھارت نواز سیاست دانوں کو اپنے لوگوں کے دکھ درد کا واقعی احساس ہے تو انہیں مکمل طور پر تحریک آزادی میں شامل ہوجانا چاہیے۔ انہوں نے عیدکے دنوں کے دوران شہید ہونے والے بے گناہ نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت قتل وغارت کے ذریعے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔

آسیہ اندرابی نے کہا کہ عالمی برادری اب سنجیدگی کے ساتھ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آواز اٹھانے لگی ہے لہذا بھارت اب زمینی حقائق تسلیم کر کے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دے۔