امریکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے‘بیرسٹر سلطان

مقبوضہ کشمیر میں اگربھارتی مظالم جاری رہے تو وہاں کے نوجوان متبادل راستہ کے طور پر مسلح جدوجہد شروع کر سکتے ہیں پاکستان اور بھارت دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں‘ کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے

اتوار 25 ستمبر 2016 14:15

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر - 2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں بڑے تسلسل سے کہتا آرہا ہوں کہ نائن الیون کے بعد کشمیریوں نے بندوق نیچے رکھ کر دنیا کو موقع دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر امن طریقے سے حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے لیکن اسکے ساتھ ساتھ میں یہ بھی کہتا رہا ہوں کہ مقبوضہ کشمیر میں اگربھارتی مظالم جاری رہے تو وہاں کے نوجوان متبادل راستہ کے طور پر مسلح جدوجہد شروع کر سکتے ہیں۔

پچھلے76 دنوں میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بربر یت کی انتہاء ہو چکی ہے اور اب اڑی واقعے کا بہانہ بنا کر سرجیکل حملے کرنے پر غور کر دیا ہے۔لیکن انٹرنیشنل کمیونٹی کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو ایک بڑی جبک کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

جو پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں امریکی وزارت خارجہ میں اعلی امریکی حکام سے ایک تفصیلی ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور پاکستان ، بھارت کے درمیان پائی جانی والی کشیدگی پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ملاقات میں امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے لیزا بوزینس(Lisa Buzinas)،پولیٹکل سیکشن کے انچارج اوس ٹیٹ(Os Tat)،انوپراٹیپاٹی(Anu Prattipati)شامل تھے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے دورہء امریکہ کے دوران جہاں امریکی سینیٹرز، ممبران سینٹ، پالیسی ساز اداروں اور تھنک ٹینکس ،انسانی حقوق کی تنظیموں ،امریکی قومی اور بین الاقوامی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور پاک، بھارت کشیدگی پر بریفنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اسی طرح انھوں امریکی وزارت خارجہ کے اعلی حکام کو بھی اس صورت حال پر بریفنگ دی ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر امریکی وزارت خارجہ میں بریفنگ کے بعد امریکی وزارت خارجہ کے باہر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ان حالات میں اپنا حق ادا کر دیا ہے اور امریکی وائٹ ہاؤس نے بھی موجودہ صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے امریکی حکام کو بتایا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج بیلٹ گن کا استعمال کرکے سینکڑوں لوگوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کر دیا ہے اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو پابند سلاسل کر رکھا ہے۔

اس صورتحال میں انٹرنیشنل کمیونٹی اور بالخصوص دنیا کی واحد سپر پاور امریکی خاموش تماشائی بنے رہنے کی بجائے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔