بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی وجہ سے دفاعی پوزیشن پر چلا گیا ہے ، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

اب کی بار مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی تحریک کوبھارتی افواج کشمیری عوام کے جذبہ ء حریت کو دبا نہیں سکتیں، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 29 ستمبر 2016 17:44

اولڈھم( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 ستمبر - 2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی وجہ سے دفاعی پوزیشن پر چلا گیا ہے اور دنیا اسکے مکروہ عزائم سے اب پوری طرح واقف ہو چکی ہے یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بربریت کے ساتھ ساتھ بھارت لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں بھی کر رہا ہے۔

اڑی سیکٹر میں واقعے کو بہانہ بنا کر پاکستان پر حملے کی تیاریاں کر رہا ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ میں مقبوضہ کشمیر میں وہی سماں دیکھ رہا ہوں اور اب کشمیری اب پورے جوش و جذبے سے اپنا حق خود ارادیت لینے کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور اب کی بار جو تحریک مقبوضہ کشمیر میں چلی ہے بھارتی افواج اب کشمیری عوام کے جذبہ ء حریت کو دبا نہیں سکتیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اولڈھم میں پی ٹی آئی کشمیر برطانیہ کے رہنماء چوہدری سردار کی رہائشگاہ پر اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر استقبالیہ سے چوہدری مالک، امجد بٹ، عمران چوہدری،بیگم شہناز اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے اپنے بیرون ممالک کے دورے کے دوران واضح پیغام دے دیا ہے کہ بھارت نے اگراپنا جارحانہ رویہ جاری رکھا تو جنگ چھڑ سکتی ہے اور انٹرنیشنل کمیونٹی کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے جو پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

لہذا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقدامات کرے ۔ میرے دورے سے دنیا اب مسئلہ کشمیر کو سمجھنا شروع ہو گئی ہے اور میں کشمیری عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ میں بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔