صدر ریاست آزاد کشمیر مسعود خان سے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ملاقات

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت آزاد کشمیر اور پاکستان کے غیور عوا م مسلح افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں ‘ صدر مسعود خان ہندوستان کے انتہاء پسند حکمرانوں کی کسی بھی مہم جوئی کا دندان شکن جواب ملے گا‘ وزیر اعظم فاروق حیدر خان

جمعہ 30 ستمبر 2016 19:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 ستمبر - 2016ء) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر محمد مسعود خان سے وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت کی گئی ۔ صدر و وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر نے بھارتی گولہ باری سے شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے غیور اور بہاد ر عوا م مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں ۔

اس موقع پر صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہندوستان کے انتہاء پسند حکمرانوں کی کسی بھی مہم جوئی کا دندان شکن جواب ملے گا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں صدر آزادکشمیر محمد مسعود خان نے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کو اپنے دورہ امریکہ ،او آئی سی وزراء خارجہ اور کشمیر رابطہ گروپس کے اجلاسوں سے خطاب اور وہاں ہونے والی اہم ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے اقوام متحدہ میں خطاب پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے جراتمندانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جس پر دونوں اطراف کے کشمیری انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی طرف سے دنیا کے اہم دارلحکومتوں میں پارلیمانی وفود بھیجنے کا خیر مقدم کیا گیا اور کہا کہ اس طرح بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز اجاگر کرنے میں بڑی مدد ملے گی ۔ ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ صدر آزاد کشمیر اپنے غیر ملکی دورے کے حوالے سے آزاد کشمیر کابینہ ،جملہ سیکرٹری صاحبان ، اعلیٰ سول حکام سے مورخہ04اکتوبر کو خطاب بھی کریں گے ۔