وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر ، وفاقی وزیر امور کشمیر چودھری برجیس طاہر کے درمیان ملاقات، بھارتی جارحیت، کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ ودیگر امور پر گفتگو

بدھ 5 اکتوبر 2016 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فارو ق حیدر خان اور وفاقی وزیرا مور کشمیر چوہدری برجیس طاہر کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ۔دونوں رہنماوں کے درمیان بھارت کی جانب سے جارحیت اور بلااشتعال فائرنگ کی وجہ سے کنٹرول لائن کی صورتحال ،تعمیر و ترقی اور دیگر امور پر گفتگوہوئی۔

اس موقع پر سیکرٹری امور کشمیر سعید خان اور پرنسپل سیکرٹری وزیر اعظم احسان خالد کیانی موجود تھے۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جانب سے مشن کشمیر کے نام سے شروع کی جانے والی بہترین سفارت کاری نے مسئلہ کشمیر میں جان ڈال دی ہے ۔انہو ں نے کہاکہ اسی وجہ سے بھارت تحریک آزادی کی نئی لہر کو سبوتاژ کرنے کے لیے اشتعال انگیزی اور جارحیت پر اتر آیاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سرجیکل سٹرائیک کا شوشہ چھوڑ کر بھارت نے اپنی فوج کا مورال بڑھانے کی کوشش کی مگر اس میں ناکامی کے بعد اس کو عالمی سطح پر اور خود اپنے ملک میں بھی انتہائی سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔وزیراعظم نے وزیر امور کشمیر کو یقین دلایاکہ کشمیر ی بھارتی جارحیت سے مرعوب ہونے والے نہیں ہیں کنٹرول لائن پر بسنے والے شہریوں کے حوصلے بلند ہیں ۔

کشمیری پاک فوج کی ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اگر دشمن نے ایک انچ بھی بڑھنے کی کوشش کی تو ایسا جواب ملے گا جو ان کے وہم وگمان میں بھی نہیں ہوگا ۔انہوں نے وزیر امور کشمیر کو بتایاکہ میں نے خود کنٹرول لائن کے علاقوں چکوٹھی اور لیپہ کا دورہ کیا وہاں بسنے والے لوگوں کے حوصلے انتہائی بلند ہیں اور وہ کسی قسم کی نقل مکانی نہیں کرنا چاہتے بلکہ ان کا کہنا ہے کہ ہم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہو کر دشمن کا مقابلہ کریں گے اور اسے شکست دیں گے ،راجہ فاروق حیدر خان نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کی سربراہی میں کشمیر پر ہونے والے کل جماعتی کانفرنس نے قوم کو ایک کر دیاہے ۔

اس کانفرنس سے نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی اور کشمیری عوام کے مورال کو بلند کر دیا اور یہ پیغام گیا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم کا موقف اور حکمت عملی ایک ہے ۔انہو ں نے کہاکہ اس سمت میں پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی قوم کو مثبت توقعات ہیں جو موجودہ حکومت کی شاندار حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اس موقع پر وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے وزیر اعظم آزادکشمیر کو یقین دلایا کہ پاکستانی قوم تحریک آزادی کشمیر میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور ہم ان کی اخلاقی ،سفارتی اور سیاسی حمایت ہر حال میں جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر وزیراعظم پاکستان کی ترجیح اول ہے ،جبکہ آزادکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی وفاقی حکومت بھرپور معاونت فراہم کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے مد د جاری رہے گی ۔وزیر امور کشمیر نے کہاکہ وفاق اپنے اخراجات میں کمی کر کے بھی آزادکشمیر کو زیادہ سے زیادہ مالی وسائل فراہم کریگا ۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں آزادکشمیر کے لوگوں کو ایک بہترین حکومت میسر آئی ہے جو ان کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوششیں کریگی ۔