صدرآزاد کشمیر اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی ملاقات

ایل اوسی کی صورتحال٬ تحریک آزادی کشمیر ٬ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور محکوم عوام کو درپیش مشکلات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری سے جانی ومالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار عالمی برادری کی ذمہ داری ہے وہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ان جرائم پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائیں ٬صدر ٬وزیر اعظم آزادکشمیر

جمعہ 4 نومبر 2016 19:52

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 نومبر2016ء) صدرآزادجموں وکشمیر سردارمحمدمسعو د خان سے وزیراعظم آزاد حکومت راجہ فاروق حیدر خان کی ملاقات ٬ کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری سے پیداہونے والی صورتحال٬ تحریک آزادی کشمیر ٬ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور 119دن مسلسل کرفیو کے نتیجے میں محکوم عوام کو درپیش مشکلات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال٬ صدر آزاد کشمیر نے کنٹرول لائن کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کے ان ہتھکنڈوں کا مقصد پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے حوالے سے شروع کی گئی سفارتی مہم سے باز رکھنا ہے ۔

لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پرشہری آبادی کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین اور پاکستان کے ساتھ ماضی میں کئے گئے دوطرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ان جرائم پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائیں ۔

صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کنٹرول لائن کے متاثرین کا بھرپور خیال رکھے٬ زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی اور شہید ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلسل کرفیو کو 119دن ہوچکے ہیں ۔

میڈیاپر پابندیاں عائد ہیں ۔ کنٹرول لائن کے اُس پار سے آمدہ اطلاعات کے مطابق سرینگر اور دیگر قصبوں میں ادویات اور خوراک کی قلت پیدا ہوچکی ہے۔ معصوم بچے دودھ اور مریض ادویات سے محروم ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کمیشن مقبوضہ کشمیر میں انسانی راہداری قائم کرے تاکہ محصور عوام کو خوراک اور ادویات فراہم کی جاسکیں۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے صدر آزاد کشمیر کو بتایا کہ وہ برسلز اور برطانیہ کے دورے پر جارہے ہیں جہاں وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی اداروں کے سامنے اجاگر کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عالمی برادری کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے سفارتی مہم کو مذید تیز کیا جائے گا۔ صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے ریاست کے اندر نظم و نسق اور امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام اداروں پر زور دیا کہ گڈ گورننس کے قیام کے مقصد کو پورا کرنے کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کابینہ کے فیصلوں اور گڈ گورننس کے لئے حکومتی اقدامات سے صدر ریاست کو آگاہ کیا ۔#