وزیراعظم فاروق حیدر خان کا حالیہ دورہ یورپ انتہائی اہمیت کا حامل تھا ‘انہوں نے مسئلہ کشمیر جاندار انداز میں پیش کرتے ہوئے عالمی مبصرین کو تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مثبت پیشرفت پر مجبور کر دیا ہے

مرکزی ممبر مجلس عاملہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر راجہ گلفراز احمد خان کی بات چیت

ہفتہ 12 نومبر 2016 17:20

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) مرکزی ممبر مجلس عاملہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر راجہ گلفراز احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا حالیہ دورہ یورپ انتہائی اہمیت کا حامل تھا جس کے دوران انہوں نے مسئلہ کشمیر جاندار انداز میں پیش کرتے ہوئے عالمی مبصرین کو تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مثبت پیشرفت پر مجبور کر دیا ہے۔

آزادکشمیر کی 68 سالہ تاریخ میں پہلی بار کسی حکمران نے اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کرتے ہوئے ثابت کیا کہ آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے۔ راجہ فاروق حیدر نے مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے کشمیرکے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پوری قوم کے دل جیت لئے ہیں۔

(جاری ہے)

راجہ گلفراز احمد نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف نے بھی اقوام متحدہ میں جس جاندار انداز میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا اس کی مثال بھی نہیں ملتی۔

(ن) لیگی حکومت نے اپنی سمت واضح انداز میں عوام کے سامنے رکھ دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے تاریخ میں پہلی بار خطہ کے عام آدمی کو احساس ہوا کہ یہاں ایک عوامی اور فلاحی حکومت کا قیام عمل میں آ چکا ہے جس کا وزیراعظم اور وزراء سادگی اور شرافت کو اپنا شعار بنائے ہوئے ہیں ، ن لیگ اپنے ان عوامی اقدامات کی بدولت عوام میں گھر کر چکی ہے اور وہ دن دور نہیں جب میاں محمد نوازشریف اور راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوں میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گا اور منقسم ریاست عملی معنوں میں پاکستان کا حصہ بنے گی۔