بزدل بھارتی افواج کی طرف سے کنٹرول لائن پر مسلسل فائرنگ کے نتیجے میں افواج پاکستان کے جوانوں اور نہتے شہریوں کی شہادتوں کا سلسلہ بند کرنے کیلئے بھارت کو فوجی اور حکومتی سطح پر سخت ترین جواب دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں

امیر جماعت اسلامی میرپور بشیر شگو کا بیان

جمعہ 25 نومبر 2016 19:00

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی میرپور بشیر شگو نے کہا ہے کہ بزدل بھارتی افواج کی طرف سے کنٹرول لائن پر مسلسل فائرنگ کے نتیجے میں افواج پاکستان کے جوانوں اور نہتے شہریوں کی شہادتوں کا سلسلہ بند کرنے کیلئے بھارت کو فوجی اور حکومتی سطح پر سخت ترین جواب دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔ وزیراعظم پاکستان کب تک بھارتی افواج کی بزدلانہ جارحیت پر اپنے لبوں پر تالے لگا رکھیں گے ۔

اگر اس طرح کی دہشتگردی کسی اور ملک کی فوج اور شہریوں پر مسلط کی جاتی تو اس وقت تک اس ملک کی حکومت ، سیاسی جماعتیں اور قوم سیسہ پلائی ہوئی دیواربن کر دنیا کو ہلا چکی ہوتی ۔ ظلم کی حد ہے کہ بیرونی ممالک میں موجود ہمارے سفارتکاروں کی فوج ظفر موج، یواین او اور سلامتی کونسل میں اس قوم کے خون پینے کی کمائی پر ہلنے والے نمائند ے اور خود حکومت پاکستان کی پراسرار خاموشی 20 کروڑ پاکستانیوں اور مقبوضہ کشمیر میں برسرپیکار کشمیریوں کے ذہنوں میں سوالات اٹھارہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماہنی اور نیلم سیکٹر میں بھارتی افواج کی امن اور انسانیت دشمن کارروائیوں اور عالمی برادری کی طرف سے مجرمانہ غفلت اور بھارتی افواج کی دہشتگردی کو مسلسل نظرانداز کرنے کے خلاف اپنے ردعمل میں کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دنیا کے تربیتی یافتہ ممالک کے حکمران کتے بلی کی موت پر تو تڑپ اٹھتے ہیں ۔اپنی ایجنٹ ایک لڑکی ملالہ کو گولی لگنے کے خود ساختہ واقع کی آڑ میں انسانی حقوق کی پائمالی کا واویلہ اور ماتم کرنے والے امریکہ ، برطانیہ اور یوروپی ممالک کے حکمرانوں کو بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں اپنے گھروں میں ہوئے معصوم بچوں اور بچیوں کے تڑتپے لاشے کیوں نظر نہیں آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور کفر کی تمام طاقتوں کا علاج اور مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے کا ایک ہی حل جہاد فی سبیل اللہ ہے ۔