صدر آزاد کشمیر کی گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملاقات

ریاست کو پاک چین اقتصادی راہدری کا حصہ بنا لیا گیا ہے،آئندہ پانچ سات برسوں میں آزاد کشمیر میں 8 ہزار سات سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی،عالمی برادری کی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خاموشی افسوسناک ہے، سردار محمد مسعود خان

بدھ 22 فروری 2017 17:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملاقات کی۔ آزاد کشمیر اور پنجاب کی مجموعی صورتحال ،امن و امان اور ملک بھر میں دہشت گردی کی نئی لہر، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، ایل او سی پر بلااشتعال بھارتی جارحیت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہاں جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق صدر آزاد کشمیر نے بتایا کہ ریاست کی تعمیر و ترقی کیلئے وزیراعظم راجہ فاروق حید ر خان کی قیادت میں ان کی ٹیم ٹھوس منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔ریاست کو پاک چین اقتصادی راہدری کا حصہ بنا لیا گیا ہے، مانسہرہ سے مظفرآباد تا میرپور موٹروے کے ساتھ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع بالواسطہ یا بالاواسطہ منسلک ہو جائیں گے، توانائی کے دو بڑے منصوبے سی پیک کے تحت بن رہے ہیں جن میں کروٹ اور کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دیگر کئی منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ آئندہ پانچ سات برسوں میں آزاد کشمیر میں 8 ہزار سات سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ آزاد کشمیر کی ضرورت پوری کرنے کے بعد تقریباً 8 ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گریڈ میں شامل ہو گی، اس طرح پاکستان کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے مکمل نجات مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے علاوہ ہماری اولین ترجیح مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔

اس سلسلہ میں ہم سفارتی سطح پر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نوجوانوں کو اجتماعی طور پر بصارت سے محروم کرنے کے بعد اب تلاشیوں اور محاصرے کے دوران گرفتار کر کے قتل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، گرفتار نوجوانوں کو شہید کرنے کے بعد ان کی لاشیں مسخ کر دی جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خاموش ہے جو افسوسناک ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی کھل کر حمایت کی جس پر ہم پنجاب اور خصوصاً لاہور کے عوام کے شکر گزار ہیں اس موقع پر گورنر پنجاب نے صدر آزاد کشمیر کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ بعد ازاں گورنر پنجاب نے صدر سردار مسعود خان کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا جس میں پنجاب کابینہ کے ارکان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔